سپورٹس بورڈ پنجاب نے آئی ڈی پیز کیلئے فنڈز ریزنگ کے سلسلہ میں پروگرام ترتیب دے دیئے،پاکستان کی قومی ٹیم اور اے ٹیم کے درمیان چار میچوں کی سیریز 19جولائی کو شروع ہوگی، آخری میچ 26جولائی کو قذافی سٹیڈیم میں کھیلا جائیگا، شوبز شخصیات شرکت کریگی، معروف فنکاروں کی پینٹنگز بھی نیلام کی جائینگی،فٹ بال ورلڈ کپ کا فائنل نامور سنیما گھروں میں دکھایا جائیگا، ڈی جی سپورٹس عثمان انور کی زیرصدارت اجلاس میں فیصلے

بدھ 9 جولائی 2014 06:36

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔9جولائی۔2014ء)سپورٹس بورڈ پنجاب نے شمالی وزیرستان کے آئی ڈی پیز کیلئے فنڈز اکٹھے کرنے کے سلسلہ میں کرکٹ میچوں اور کلچرل شو زمنعقد کرانے کیلئے پروگرامز ترتیب دیدیئے ہیں،اس سلسلہ میں منگل کے روز سپورٹس بورڈ پنجاب میں تین اجلاس ہوئے جن کی صدارت ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عثمان انورنے کی، اجلاس میں رکن صوبائی اسمبلی تہیہ نون، ڈی جی ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن نسیم صادق معروف کرکٹر انتخاب عالم ،شفیق احمد پاپا، جی ایم پی ٹی وی، ڈی جی پی آر اور سنیماؤں کے سی ای اوز کے نمائندوں نے شرکت کی،اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سپورٹس بورڈ پنجاب آئی ڈی پیز کیلئے پاکستان نیشنل ٹیم اور اے ٹیم کے درمیان پاکستان کرکٹ بورڈ کے تعاون سے کرکٹ سیریز کرائے گا جو کہ 19جولائی کو شروع ہوگی، اس سیریز کا پہلا میچ راولپنڈی میں کھیلا جائیگا، دوسرا ملتان ،تیسرا فیصل آباد اور چوتھا میچ26جولائی کو قذافی سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، فنڈ ریزنگ کیلئے ان میچوں میں معروف سیاستدان، شوبز کی شخصیات اور سپورٹس کی دنیا کے نامور کھلاڑی شرکت کریں گے،

اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیاگیا کہ فنڈ ریزنگ کیلئے ڈونیشن باکس سنیما گھروں، تھیٹروں اور اہم پبلک مقامات پر رکھے جائیں گے، معروف فنکاروں کی پینٹنگز بھی نیلامی کیلئے رکھی جائیں گے تاکہ آئی ڈی پیز کیلئے زیادہ سے زیادہ فنڈز اکٹھے کئے جا سکیں، اس کے علاوہ نامور سنیما گھروں میں فٹ بال ورلڈ کپ کا فائنل دکھایا جائیگا جس سے ہونیوالی آمدن شمالی وزیرستان کے متاثرین کی دی جائیگی،اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور نے کہا کہ سپورٹس بورڈ پنجاب شمالی وزیرستان کے بھائیوں کی مدد کیلئے ہر ممکن اقدامات کررہا ہے، وہ ہمارے بھائی ہیں اور سپورٹس بورڈ پنجاب ان کیلئے فنڈز اکٹھا کرنے کیلئے اہم کردار ادا کررہا ہے، انہوں نے اجلاس کے شرکاء سے کہا کہ وہ بھی اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کریں، عثمان انور نے کہا کہ ان دنوں متاثرین حقیقت میں مشکلات سے دوچار ہیں انہوں نے ہمارے امن کیلئے اپنا گھر بار چھوڑا ہے، مصیبت کی اس گھڑی میں ہم انہیں تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

متعلقہ عنوان :