سانحہ ماڈل ٹاؤن کے اہم کردار اور گاڑیوں کی توڑ پھوڑ میں ملوث پولیس ٹاؤٹ گلو بٹ کو چھ روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیاگیا

بدھ 9 جولائی 2014 06:38

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔9جولائی۔2014ء)انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نمبر2 کے جج خالد محمود رانجھانے سانحہ ماڈل ٹاون کے اہم کردار اور گاڑیوں کی توڑ پھوڑ میں ملوث پولیس ٹاؤٹ گلو بٹ کو چھ روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔گزشتہ روز گلو بٹ کو خصوصی عدالت میں سخت سیکورٹی میں پیش کیا گیا فیصل ٹاون پولیس کی طرف سے ریکارڈ پیش کرتے ہوئے عدالت کو بتایا گیا کہ ملزم گلوبٹ سے اس معاملے پر تفتیش کرنی ہے کہ اس نے کس کے کہنے پر گاڑیوں کی توڑ پھوڑ کی ،پولیس نے عدالت سے ملزم کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے گلو بٹ کو چھ روزہ جسمانی ریمانڈ پر فیصل ٹاؤن پولیس کے حوالے کردیا۔

دوسری طرف ماڈل ٹاون کے جوڈیشل مجسٹریٹ شہزاد مظفرنے گلوبٹ کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کیا تھا جس کی سماعت ہوئی جہاں پولیس کی جانب سے مقدمہ کا ریکارڈ پیش نہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

فاضل مجسٹریٹ نے حکم جاری کیا کہ ایک گھنٹہ میں فیصل ٹاؤن پولیس مقدمہ کا ریکارڈ پیش کرے تاکہ یہ علم ہو سکے کہ کیا ملزم گلو بٹ کے خلاف دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج ہے یا نہیں ، عدالت ملزم کی ضمانت کی درخواست کا فیصلہ مقدمہ کا ریکارڈ چیک کرنے کے بعد ہی کرے گی۔بعد ازاں فاضل مجسٹریٹ کو بتایا گیا کہ ملزم کے خلاف دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جس کے بعد فاضل مجسٹریٹ درخواست ضمانت کی سماعت نہیں کر سکتا جس پر عدالت نے ضمانت کی درخواست پر سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی۔

متعلقہ عنوان :