انتخابی اصلاحاتی کمیٹی پر سپیکر اور چیئرمین سینیٹ کے درمیان اتفاق رائے ، کمیٹی میں 11ممبران سینیٹ اور 22قومی اسمبلی کے ہونگے

جمعہ 18 جولائی 2014 07:48

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔18جولائی۔2014ء) انتخابی اصلاحات کمیٹی کی تشکیل کے حوالے سے سپیکر اور چیئرمین سینیٹ کے درمیان معاملات طے پاگئے، سینیٹ کو ایک تہائی جبکہ قومی اسمبلی کو دو تہائی نمائندگی دی جائے گی، آخر کار چیئرمین سینیٹ نے اپنے مطالبات منواہی لیے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پارلیمنٹ ہاؤ س میں چیئرمین سینیٹ سید نیئر حسین بخاری اور اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی مشترکہ صدارت میں پارلیمانی رہنماوٴں کا اجلاس ہوا، جس میں انتخابی اصلاحات سے متعلق معاملات طے پاگئے۔

اجلاس میں قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ ،سپیکر قومی اسمبلی سردارایاز صادق اور راجہ ظفرالحق نے شرکت کی۔کمیٹی کے لیے حکومت کے لیے دوبارہ نام دیے جائیں گے اور کمیٹی کی تشکیل آئندہ دو سے تین روز میں ہو جائے گی۔

(جاری ہے)

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے میڈیا کو بتایا کہ انتخابی اصلاحات کمیٹی کی تشکیل کا معاملہ طے پاگیا، کمیٹی کے ارکان کی تعداد 33 ہوگی، ایک تہائی نمائندگی کے تحت سینیٹ کے ارکان کی تعداد 11 جبکہ دو تہائی نمائندگی کے مطابق قومی اسمبلی کے ارکان کی تعداد 22 ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن انتخابی اصلاحات کمیٹی کے نام دوبارہ دے گی، اس سلسلے میں قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ دیگر اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ مشاورت کے بعد ایک ہفتے میں نام دیں گے جبکہ سینیٹ میں قائد ایوان راجہ محمد ظفر الحق اور قومی اسمبلی میں حکمران جماعت کے چیف وہپ شیخ آفتاب احمد کمیٹی میں شامل کرنے کیلئے حکومتی ارکان کے ناموں کو حتمی شکل دیں گے۔

متعلقہ عنوان :