بستیاں ویران اور قبرستان آباد ہو رہے ہیں ، تابوتوں کا کاروبار عروج پر ہے ، پاکستان کا ہر بچہ آئی ایم ایف کا مقروض ہے،سراج الحق ،کل بھی پاکستان کو حکمرانوں سے خطرہ تھا آج بھی پاکستان کوبھارت کے ایٹم بم سے زیادہ اپنے حکمرانوں سے خطرہ ہے، شمالی وزیرستان متاثرین کوعید منانے کے لیے ان کے گھروں میں واپس بھیجا جائے،حکومت ان کی واپسی کے لیے فی الفور انتظامات کرے ،قانون تحفظ بل ظلم کا قانون ہے ، جماعت اسلامی نے اس کو عدالت میں چیلنج کیا ہے ، اب وقت آگیا ہے کہ عالمی برادری اسرائیل کے خلاف متحد ہو جائے ،جماعت اسلامی عید کے بعد عوامی ایجنڈا لے کرمیدان میں نکلے گی اور عوام کو بیدار کرے گی، عوامی دعوت افطارسے خطاب

جمعہ 18 جولائی 2014 07:48

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔18جولائی۔2014ء)جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ بستیاں ویران اور قبرستان آباد ہو رہے ہیں ، تابوتوں کا کاروبار عروج پر ہے ، پاکستان کا ہر بچہ آئی ایم ایف کا مقروض ہے۔کل بھی پاکستان کو حکمرانوں سے خطرہ تھا آج بھی پاکستان کوبھارت کے ایٹم بم سے زیادہ اپنے حکمرانوں سے خطرہ ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ شمالی وزیرستان کے متاثرین کوعید منانے کے لیے ان کے گھروں میں واپس بھیجا جائے اور حکومت ان کی واپسی کے لیے فی الفور انتظامات کرے ۔

قانون تحفظ بل ظلم کا قانون ہے ، جماعت اسلامی نے اس کو عدالت میں چیلنج کیا ہے ، وکلاء، صحافی اور سول سوسائٹی کالے قانون کے خلاف جماعت اسلامی کے ساتھ ہیں ، اسرائیل خطے کا ناسور ہے اس کی موجودگی میں دنیا میں امن قائم نہیں ہو سکتا ہے ، اب وقت آگیا ہے کہ عالمی برادری اسرائیل کے خلاف متحد ہو جائے ۔

(جاری ہے)

جماعت اسلامی عید کے بعد عوامی ایجنڈا لے کرمیدان میں نکلے گی ۔

اور عوام کو بیدار کرے گی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع جنوبی کے تحت ککری گراؤنڈ میں عوامی دعوت افطارسے خطاب کرتے ہوئے کیا۔دعوت ِ افطار سے امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن ،ضلع جنوبی کے امیر حافظ عبد الواحد شیخ،نائب امیر مولانا کاشف شیخ اور دیگر نے خطاب کیا۔سراج الحق نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان ایک خوشحال ملک تھا امن میں تھا لوگ امن میں تھے رزق کے دروازے کھلے ہوئے تھے بدامنی اور مہنگائی نہیں تھی اس بستی کی لوگوں نے بھی مسلسل بغاوت کا راستہ اختیار کیا ۔

پاکستان ایک نظریے کے لیے بنا تھا جس کے لیے لوگوں نے جام شہادت نوش کیا۔67سال گزر چکے لیکن ایک دن بھی لا الہ اللہ کا نظام نافذ نہیں ہو سکا یہی وجہ ہے کہ آج ملک میں غربت مہنگائی ، بدامنی ہے اور کسی کا بھی جان و مال محفوظ نہیں ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ کوئی وزیر اور صدر وزیر بغیر سیکورٹی کے بغیر نکل سکتا ہے ایک خوف ہے اس ملک میں ، 18کروڑ عوام خوف میں ہے ملک کے مختلف شہروں میں حملے ہو رہے ہیں مساجد امام بارگاہیں ، اسکول کالجز اور بازار محفوظ نہیں ہیں بستیاں برباد اور قبرستان آباد ہو رہے ہیں صرف تابوتوں کا کاروبار عروج پر ہے کفن کا کپڑا سب سے زیادہ بکتا ہے خوف اور بھوک ہے پاکستان کا ہر بچہ بینک کا مقروض آئی ایم ایف کا مقروض ہے ۔

انہوں نے کہا کہ کوئی غربت کی وجہ سے خودکشی کرنے پر مجبور ہے نوجوان گردے فروخت کرنے پر مجبور ہیں ، بوڑھے نے اپنی بچی کو فروخت کرنے کے لیے اتنی قیمت لگائی کہ صرف کھانا اور تن چھپانے کے لیے کپڑے دیے جائیں ۔ سراج الحق نے کہا کہ ہمارے حکمران منتظر ہیں ورلڈ بینک قرضہ دے گا امریکہ کوئی فارمولہ بتائے گا اور اس مصیبت سے نکلیں گے ۔18کروڑ عوام اللہ کی طرف رجوع کریں گے تو اللہ تعالیٰ راستہ نکالے گا ۔

ان کا کہنا تھا کہ کل بھی پاکستان کو حکمرانوں سے خطرہ تھا آج بھی پاکستان کوبھارت کے ایٹم بم سے زیادہ اپنے حکمرانوں سے خطرہ ہے ۔سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی کا پیغام یہی ہے لوگو اللہ تعالیٰ سے تعلق کومضبوط بناؤ تاکہ پاکستان حقیقی معنوں میں امن کا گہوارہ بنایا جا سکے ۔امن اللہ کے ہاتھ میں اللہ سے تعلق جوڑ لو اللہ تمہارے مسائل حل کرے گا، یہ قرآن کا مہینہ ہے ، افسوس ہم تلاوت تو کرتے ہیں ہمارے ہاں قرآن کے بجائے سودی نظام ہے ، عدالتوں میں انصاف کا نظام نہیں ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اس ملک میں چند لوگوں نے پورے ملک کو یرغمال بنا لیا ہے ، مخصوس ٹولہ67سالوں سے ملک پر مسلط ہے ، بینکوں کو لوٹا سیاست و معیشت کو یرغمال بنایا، وہی چند وڈیرے ، نظام قرآن کا نظام نہیں آیا۔انہوں نے کہا کہ قائد اعظم نے فرمایا تھا ہمیں کسی دستور کی ضرورت نہیں ہے ، اللہ تعالیٰ نے ہمیں قرآن اور شریعت کا نظام دیا ہے لیکن افسوس کہ 67سالوں میں ملک میں شریعت کانظام قائم نہیں ہو سکا ہے ۔

سراج الحق کا کہنا تھاکہ آئی ڈی پیز کا مسئلہ بھی ہمیں درپیش ہے یہ امت مسلمہ ہے کا مسئلہ ہے ، انہوں نے مطالبہ کیا کہ شمالی وزیرستان کے متاثرین کوعید منانے کے لیے ان کے گھروں میں واپس بھیجا جائے اور حکومت ان کی واپسی کے لیے فی الفور انتظامات کرے ۔قانون تحفظ بل ظلم کا قانون ہے ، جماعت اسلامی نے اس کو عدالت میں چیلنج کیا ہے ، وکلاء، صحافی اور سول سوسائٹی کالے قانون کے خلاف جماعت اسلامی کے ساتھ ہیں ۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ایک طویل عرصے بعدلیاری کچھ کچھ کھلنے لگا ہے ۔ لیکن صورتحال پھر بھی بہتر نہیں ہے ۔اس اجتماع سے لوگوں کو نیا حوصلہ ملے گا۔رمضان المبارک رحمتوں اور خیرخواہی کا مہینہ ہے ، اللہ کی بندگی اور لوگوں سے محبت کہ مہینہ ہے ۔حافظ عبد الواحد شیخ نے کہا کہ رمضان المبارک قرآن کا مہینہ ہے ہمیں قرآن کو پڑھنے اور اس پر غور فکر کرنے کی ضرورت ہے ۔رمضان المبارک یوم باب الالسلام ، یوم بدر ، فتح مکہ اور قیام پاکستان کا مہینہ ہے ۔آج فلسطین اور شمالی وزیرستان لہولہو ہے ۔