ٹڈاپ اسکینڈل، سابق وفاقی وزیر مخدوم امین فہیم کی ضمانت میں 7اگست تک توسیع

جمعہ 18 جولائی 2014 07:49

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔18جولائی۔2014ء)وفاقی انسداد بدعنوانی کی عدالت نے ٹڈاپ اسکینڈل میں سابق وفاقی وزیر اور پیپلز پارٹی کے رہنما مخدوم امین فہیم کی ضمانت 7اگست تک توسیع کردی ہے ۔ امین فہیم کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے اپنے موکل کے مزید مقدمات میں ملوث ہونے کے حوالے سے تفصیلات طلب کی ہیں۔جمعرات کووفاقی انسداد بدعنوانی کی عدالت میں سابق وفاقی وزیر مخدوم امین فہیم کے وکیل فاروق ایچ نائیک عدالت میں پیش ہوئے اور ضمانت میں توسیع کی درخواست پیش کی جس پر عدالت نے درخوات ضمانت میں 7اگست تک توسعی کر دی ۔

مخدوم امین فہیم کے وکیل نے عدالت میں بتایا کہ ان کے موکل کے خلاف 12مقدمات کے چالان عدالت میں پیش کئے گئے ہیں اگر ابن کے خلاف مزید مقدمات درج ہوئے ہیں تو ان کی تفصیلات مہیاکی جائے ۔

(جاری ہے)

عدالت نے ایف آئی اے کو تفصیلات مہیا کرنے کے حوالے سے مہلت دیتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔یاد رہے کہ گذشتہ سماعت کے موقع پر عدالت نے ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان اسکینڈل کے 12 مقدمات میں مخدوم امین فہیم کی 2،2 لاکھ روپے کے ذاتی مچلکوں پر منظور کرتے ہوئے آئندہ سماعت پران کو حاضری سے بھی مستثنیٰ قرار دیا تھا ۔واضح رہے کہ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور مخدوم امین فہیم پر ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان میں کروڑوں روپے کی کرپشن کے الزامات کے تحت مقدمات درج کئے گئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :