آئی ڈی پیز کیلئے فنڈز کی غرض سے پاکستان اے اور حمزہ شہباز الیون کے درمیان میچ آج راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں ہوگا، سیکورٹی انتظامات مکمل،وزراء ،انتظامی آفیسر اور عہدیدار بھی بغیر ٹکٹ سٹیڈیم میں داخل نہیں ہو سکیں گے

جمعہ 18 جولائی 2014 07:43

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔18جولائی۔2014ء) آئی ڈی پیز کی مدد کے لئے فنڈز جمع کرنے کی غرض سے 18-جولائی کو رات دس بجے پاکستان اے اور حمزہ شہباز الیون کے درمیان راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں میچ منعقد ہوگا- سیکورٹی سمیت میچ کے تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے - میچ میں وزراء سے لے کر کوئی انتظامی آفیسر اور عہدیدار بھی بغیر ٹکٹ میچ دیکھنے کے لئے سٹیڈیم میں داخل نہیں ہو سکے گا- عوام بالخصوص نوجوان قومی جذبے کے تحت میچ دیکھنے کے لئے آئیں اور پوری دنیا کو یہ پیغام دیں کہ پاکستانی قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی مسلح افواج اور شمالی وزیرستان کے بے گھر ہونے والے بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے اور پوری قومی ملک کو دہشت گردی سے نجات دلانے کے لئے متحد اور ایک ہے -اس امر کا اظہار آئی ڈی پیز کی فنڈ ریزنگ کمیٹی کے کوآرڈی نیٹر محمدحنیف عباسی، ڈویژنل، ڈسٹرکٹ ، تحصیل سپورٹس کمیٹیوں کے چیئرمین ملک ابرار احمد ایم این اے ، سردارنسیم، راجہ محمدحنیف ایڈووکیٹ اور سابق ایم پی اے ضیاء اللہ شاہ اور ڈی سی او راولپنڈی ساجدظفرڈال نے راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں ایک مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران میچ کے انتظامات کی تفصیلات بتاتے ہوئے کیا-

آئی ڈی پیز فنڈ ریزنگ کمیٹی کے کوآرڈی نیٹر محمدحنیف عباسی نے کہا کہ میٹرو بس منصوبے پر تعمیری کام جاری ہونے کی وجہ سے میچ دیکھنے کے لئے آنے والوں کے لئے بارانی زرعی یونیورسٹی میں پارکنگ بنائی گئی ہے - انہوں نے کہا کہ وزیراعلی کی ہدایت پر صوبے کے چار بڑے شہروں ملتان، فیصل آباد، لاہور اور راولپنڈی میں آئی ڈی پیز کی مدد کے لئے فنڈز جمع کرنے کے سلسلے میں چار کرکٹ میچ کروائے جائیں گے اور اس سلسلے کا پہلا میچ 18جولائی بروز جمعہ رات 10بجے شروع ہوگا- میچ کی دونوں ٹیموں میں شاہد آفریدی ، شعیب اختر، یونس خان ، کامران اکمل سمیت قومی سطح کے معروف کھلاڑی شرکت کریں گے - انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی سپورٹس کے ذریعے میچ کو براہ راست دکھایا جائے گا تاکہ آئی ڈی پیز کی مدد کے لئے پوری دنیا میں پیغام جا سکے - ڈویژنل سپورٹس کمیٹی کے چیئرمین ملک ابرار ایم این اے نے پریس کانفرنس میں بتایاکہ انہوں نے ملٹری حکام سے رابطہ کرکے شہداء کی فیملیز کو بطور مہمان خصوصی میچ میں مدعو کیا ہے اور اس میچ میں 50شہداء کی فیملیز بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گی - سردار نسیم ، راجہ حنیف ایڈووکیٹ اور ضیاء اللہ شاہ نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شمالی وزیرستان کے بے گھر افراد کی مدد کیلئے زیادہ سے زیادہ فنڈز اکٹھے کئے جائیں گے - انہوں نے بتایا کہ ڈونرز کو عطیات کے عوض میچ کے ٹکٹس دیئے جائیں گے - انہوں نے کہا کہ وی وی پی آئی انکلوژر کا ٹکٹ 10ہزار روپے اور وی آئی پی کا ٹکٹ 5ہزار روپے جبکہ جنرل انکلوژر کا ٹکٹ پانچ سو روپے رکھا گیا ہے - محمد حنیف عباسی ، ملک ابرار اور سردار نسیم نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ قومی جوش و جذبے کے ساتھ ٹکٹ خرید کر میچ دیکھیں اور آئی ڈی پیز کی مدد کیلئے بڑھ چڑھ کر حصہ لیں -ڈی سی او راولپنڈی ساجدظفرڈال نے اس موقع پر میڈیا کو میچ انتظامات کے حوالے سے بریف کیا- محمد حنیف عباسی نے اس موقع پر کہا کہ وہ عمران خان کو ایک پیغام دینا چاہتے ہیں کہ تاریخ کے نازک موڑ پر جب قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہی ہے عمران خان لانگ مارچ کے ذریعے انتشار پھیلانے کی بجائے آئی ڈی پیز کیلئے عطیات جمع کرنے کیلئے اپنی توانائیاں صرف کریں اور شمالی وزیرستان کے بے گھر لوگوں کی مدد کیلئے اپنی جماعت کے قائدین ، کارکنوں اور کے پی کے کی حکومت کو متحرک کریں-

متعلقہ عنوان :