جنوبی کوریا ‘سر کا ری ملازمین کو کام کے دوران ایک گھنٹہ سونے کی اجازت دے دی گئی،سہولت سے فائدہ اٹھانے کے لیے انھیں کام پر جلدی آنا یا دیر تک رہنا ہوگا

پیر 21 جولائی 2014 05:51

سیو ل (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔21جولائی۔2014ء)جنوبی کوریا کے سیول میٹرو پو لٹین گورنمنٹ (ایس ایم جی) کے ملازمین کو دوپہر ایک بجے سے لے کر شام چھ بجے کے دوران ایک گھنٹے کے لیے سو نے کی اجا زت دیدی گئی ۔ اخبار کوریا ٹائمز کے مطابق یکم اگست سے اس سہولت سے فائدہ اٹھانے کے لیے انھیں پھر یا تو کام پر جلدی آنا ہوگا یا دیر تک رہنا ہوگا۔اخبار کے مطابق ملک میں کسی ایسے منصوبے کو پہلی بار متعارف کروایا گیا ہے۔

سٹی ہال کے ترجمان کے مطابق ’ملازمین کو اس مقصد کے لیے لاوٴنج، کانفرنس روم یا دیگر جگہ دستیاب ہیں۔

(جاری ہے)

مقامی حکومت اگلے سال مزید رقم خرچ کر کے آرام کرنے کے مزید مقامات تیار کرے گی۔‘اب تک یہ واضح نہیں ہے کہ کتنے لوگ اس نئے منصوبے کا فائدہ اٹھائیں گے کیونکہ انھیں اس گھنٹے کی کمی پوری کرنا ہوگی اور اکثر لوگ پہلے ہی سے دوپہر کے کھانے کے وقت سو لیتے ہیں۔اخبار کوریا آبزرور کے مطابق ایس ایم جی کے ملازمین کے لیے ایک عام دن صبح نو بجے سے شام کے چھ بجے تک کا ہوتا ہے، چنانچہ اگر کوئی ملازم سونے کا وقفہ لینا چاہتا ہے تو انھیں پہلے اپنے منتظم کو اطلاع کرنی ہو گی اور پھر یا تو صبح آٹھ بجے کام شروع کرنا ہوگا یا شام سات بجے تک کام کرنا ہوگا۔