سینٹ اور قومی اسمبلی کے درمیان اتفاق رائے ، پارلیمانی کمیٹی برائے انتخابی اصلاحات کمیٹی کی تشکیل کا کام آئندہ ہفتے مکمل ہونے کا امکان،چیئرمین سینیٹ جلد نام بھیج دیں گے جس کے لئے صلاح مشورہ جاری ہے،ذرائع

پیر 21 جولائی 2014 05:35

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔21جولائی۔2014ء)سینٹ اور قومی اسمبلی کے درمیان اتفاق رائے کے بعد توقع ہے کہ پارلیمانی کمیٹی برائے انتخابی اصلاحات کمیٹی کی تشکیل کا کام آئندہ ہفتے مکمل ہو جائے گااور چیئرمین سینیٹ کی طرف سے بھی جلد نام بھیج دیئے جائیں گے جس کے لئے صلاح مشورہ جاری ہے۔ذرائع نے خبر رساں ادارے کو بتایا کہ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی وطن واپسی کے بعد چیئر مین سینیٹ سے ملاقات کی اور انتخابی اصلاحاتی کمیٹی کی تشکیل پر مکمل مشاورت کر کے اس کو حتمی شکل دیدی ہے جبکہ سپیکر قومی اسمبلی نے چیئرمین سینیٹ سید نیئر حسین بخاری سے نام مانگ لیے ہیں جونہی چیئر مین سینیٹ نام بھیجیں گے فوری طور کمیٹی کا اعلان کر دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ذرائع نے مزید بتایا پیپلز پارٹی نے اپنے نام دیدیئے ہیں جن میں سید نوید قمر ،شازیہ مری ،چوہدری اعتزاز احسن ،میاں رضا ربانی اور فاروق ایچ نائیک شامل ذرائع نے بتایا کہ پاکستان تحریک انصاف نے اپنے نام دیدیئے ہیں ان میں شفقت محمود ،شیریں مزاری اور ڈاکٹر عارف علوی شامل جبکہ دیگر جماعتوں نے اپنے نام دیدیئے ہیں تاہم سینٹ سے ابھی نام آنا ہیں قبل ازیں سینٹ سے کچھ نام آئے تھے لیکن اب فیصلہ کیا گیا ہے کہ 33رکنی کمیٹی میں ایک تہائی نمائندگی سینٹ کو دی جائے گی اس طرح ایوان بالا سے 11نام لئے جائیں گے اور اب تمام سیاسی جماعتوں سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے نئے نام دیں تاکہ اس کمیٹی کو جلد از جلد حتمی شکل دی جا سکے۔۔