مصر میں جنگجووٴں کا فوجی چیک پوائنٹ پر حملہ، 21 فوجی ہلاک، کارروائی کے دوران تین حملہ آور بھی مارے گئے

پیر 21 جولائی 2014 05:51

قا ہر ہ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔21جولائی۔2014ء)مشین گنوں اور راکٹ لانچروں سے لیس جنگجووٴں نے مصر کے ایک صحرائی علاقے میں فوجی چیک پوائنٹ پر حملہ کر کے اکیس اہلکاروں کو ہلاک کر دیا ،مصری فوج نے اپنے بیان میں دارالحکومت قاہرہ سے قریب 630 کلومیٹر مغرب کی طرف صحرائی علاقے میں واقع چیک پوائنٹ پرہونے والے حملے کی ذمہ داری ’دہشت گردوں‘ پر عائد کی ہے۔

فوجی بیان میں بتایا گیا ہے کہ جنگجووٴں کی طرف سے داغے جانے والے ایک راکٹ سے ہتھیاروں کے ایک ڈپو میں دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں کچھ فوجی ہلاک ہوئے۔ بعد ازاں فوجیوں اور جنگجووٴں کے مابین فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا۔ حملے میں چار فوجی زخمی بھی ہوئے ہیں۔ اطلاعات ہیں کہ کارروائی کے دوران تین حملہ آور بھی مارے گئے۔

(جاری ہے)

اس حملے کو مصری افواج کے خلاف گزشتہ چند سالوں کی سب سے بڑی کارروائی قرار دیا جا رہا ہے۔

مصر کی سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق حملے کے بعد مصری صدر عبدالفتح السیسی نے ملکی دفاعی اہلکاروں سے ملاقات کی اور صورتحال کا جائزہ لیا۔ السیسی متعدد مرتبہ اس بارے میں اپنی تشویش کا اظہار کر چکے ہیں کہ جنگجو لیبیا میں بد امنی و سیاسی عدم استحکام کا فائدہ اٹھاتے ہوئے سرحد کے قریب اپنی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ یہ امر اہم ہے کو مصر اور لیبیا کے درمیان قریب ایک ہزار کلومیٹر کی سرحد ہے۔

متعلقہ عنوان :