کوئی بھی پہاڑ ثمینہ بیگ کے عزم سے زیادہ بلند ثابت نہیں ہوسکا،ثمینہ پہلی پاکستانی خاتون بن گئیں، تمام ساتوں براعظموں کی سات بلند ترین چوٹیوں کو سر کرنے کا اعزاز حاصل کرلیا

پیر 28 جولائی 2014 07:27

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔28جولائی۔2014ء) کوئی بھی پہاڑ ثمینہ بیگ کے عزم کے ساتھ زیادہ بلند ثابت نہیں ہوسکا اور وہ اب پہلی پاکستانی خاتون بن گئی ہیں جنھوں نے تمام ساتوں براعظموں کی سات بلند ترین چوٹیوں کو سر کرنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔صرف آٹھ ماہ کے اندر ساتوں براعظموں کی بلند ترین چوٹیاں سر کرنے والی ثمینہ بیگ کے بھائی مرزا علی بھی اس سفر میں ان کے ہمراہ رہے اور اپنے فیس بک پیغام میں وہ لکھتے ہیں" ہمیں یہ سب سے بڑا اعزاز حاصل ہوگیا ہے کہ ہم نے ساتوں چوٹیوں پر سبز ہلالی پرچم کو لہرا دیا ہے"۔

صبح کے نو بجے ثمینہ بیگ روس کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ البرز کے اوپر اپنے بھائی کے ساتھ کھڑی تھی اور تصویر میں ان کے ہاتھ میں پاکستانی پرچم دیکھا جاسکتا ہے، اس کے ساتھ ہی 23 سالہ خاتون کوہ پیما کا دنیا بھر کی ساتوں بلند ترین چوٹیاں سر کرنے کا چیلنج پورا ہوگیا۔

(جاری ہے)

الپائن کلب آف پاکستان(اے سی پی) نے ہفتے کو اس خبر کی تصدیق کی اور ایگزیکٹو کونسل کے رکن قرار حیدری نے بتایا کہ" ہم ثمینہ بیگ کی واپسی پر رواں ہفتے ان کے اعزاز میں ایک تقریب کی منصوبہ بندی کررہے ہیں"۔

ثمینہ بیگ اور مرزا علی، الاسکا سے روس پہنچے تھے تاکہ براعظم یورپ کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ البرز کو سر کرسکیں، جو کہ 5642 میٹر بلند ہے اور اس کے ساتھ ہی ان کا سات چوٹیوں کو سر کرنے کے ایڈونچر کا خاتمہ ہوسکے۔

ثمینہ بیگ اس مہماتی سفارتی مشن کا حصہ ہیں جسے پاکستان سے باہر کے چند پرجوش کوہ پیماؤں، اسلام آباد میں چند سفارتخانوں اور سرینا ہوٹلز نے فنڈز فراہم کئے ہیں تاہم حکومت پاکستان کی جانب سے کوئی تعاون فراہم نہیں کیا گیا۔

مرزا علی نے اپنے فیس بک پیج پر لکھا" ایڈونچر ڈپلومیسی، صنفی مساوات اور خواتین کی ترقی کے پراجیکٹ کا خاتمہ عظیم کامیابی کے ساتھ ہوا"۔ہنزہ کی وادی شمشال سے تعلق رکھنے والے اس بہن بھائی نے روس آنے سے پہلے تین جولائی کو الاسکا میں 6168 میٹر بلند ماوٴنٹ میک کنلے کو سر کیا تھا، جس کے بعد ثمینہ بیگ پہلی پاکستانی خاتون بن گئی تھیں جنھوں نے شمالی امریکہ کے سب سے بلند پہاڑ پر اپنی فتح کا جھنڈا گاڑا۔مرزا علی نے فیس بک پر لکھا ہے" ثمینہ بیگ نے ریکارڈ 23 سال کی عمر میں ریکارڈ وقت میں تمام چوٹیوں کو سر کیا ہے"۔