چاند نظرنہیں آیا ،یکم ذوالقعدہ جمعرات 28اگست کو ہوگی ،مفتی منیب الرحمن

بدھ 27 اگست 2014 02:06

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔27اگست۔2014ء )مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان کے چیرمین مفتی منیب الرحمن نے اعلان کیا ہے کہ ماہِ ذو القعدہ 1435ئھ کا چاند نظرنہیں آیا،یکم ذوالقعدہ بروزجمعرات 28اگست کو ہوگی ۔دریں اثنا مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس میٹ کمپلیکس ،محکمہٴ موسمیات ،کراچی میں منعقد ہوا ۔ زونل رویتِ ہلال کمیٹی کراچی کے جو ارکان اجلاس میں شریک ہوئے، ان کے اسمائے گرامی یہ ہیں:مولانا حافظ محمد سلفی ،قاری نذیر احمد نعیمی ، مفتی سید صابر حسین ، علامہ علی کرار نقوی ،مولانا محمد صابر نورانی ،مولانا فیروزالدین رحمانی ، مفتی منیر احمد طارق ۔

پاکستان نیوی کے لیفٹننٹ کمانڈرتنویر شمس ،سپارکو کے چیف منیجر اسپیس محترم جناب غلام مرتضیٰبطور فنی ماہر فنی معاونت کے لئے اجلاس میں شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

محکمہٴ موسمیات کراچی کے چیف میٹرولوجسٹ جناب محمد توصیف عالم صاحب نے اجلاس کے انعقاد کے لئے تمام سہولتیں فراہم کیں۔ پاکستان کے تمام صوبائی ،ضلعی اور تحصیل ہیڈکوارٹرز پر متعلقہ زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس منعقدہوئے ۔

بعض مقامات پر مطلع ابر آلود تھا،بعض مقامات پر مطلع صاف تھا۔ پاکستان کے کسی بھی مقام سے ذوالقعدہ کا چاند نظر آنے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ،ملک بھر میں قائم محکمہٴ موسمیات کے تمام مراکز نے بھی عدم رویت کی رپورٹ دی ۔جامعة الرشید کے تمام مراکز سے بھی عدم رویت کی رپورٹ ملی۔لہٰذا اتفاقِ رائے سے فیصلہ کیاگیا کہ آج چاند نظر نہیں آیا ،کل 30شوال المکرم ہے اور یکم ذوالقعدہ 1435ئھ بروزجمعرات 28اگست کو ہوگی ۔