گوجرانوالہ‘ سرگودھا اور ساہیوال میں استحکام پاکستان ریلیوں میں ہزاروں کارکنوں کی شرکت،پرجوش کارکنوں نے سبزہلالی پرچم‘ مسلم لیگ کے جھنڈے اور قائدین کی تصاویر کے پوسٹر اٹھا رکھے تھے،مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں نے نوازشریف اور شہبازشریف کے حق میں نعرے لگاکر بھرپور اظہاراعتماد کیا

بدھ 27 اگست 2014 02:05

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔27اگست۔2014ء) پاکستان مسلم لیگ (ن)کے زیراہتمام گوجرانوالہ‘ سرگودھا اور ساہیوال میں استحکام پاکستان ریلیوں میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ پرجوش کارکنوں نے سبزہلالی پرچم‘ مسلم لیگ کے جھنڈے اور نوازشریف ‘ شہبازشریف کی تصاویر کے پوسٹر اٹھا رکھے تھے۔ کارکنوں نے اپنے قائدین کے حق میں نعرے لگائے۔ گوجرانوالہ میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما غلام دستگیرخان کی قیادت میں چن دا قلعہ بائی پاس سے سینکڑوں مسلم لیگی کارکنوں کی ریلی نکالی گئی۔

پاکستان مسلم لیگ نواز کے زیراہتمام استحکام پاکستان ر یلی نکالی گئی جس میں ساہیوال ڈویثرن کے اضلاع پاکپتن ،اوکاڑہ اور ساہیوال سے ہزاروں کارکنوں نے شرکت کی۔

ریلی کی قیادت صوبائی وزیر عشر و زکوةملک ندیم کامران نے کی جس میں ممبران اسمبلی چوہدری منیر ازہر ،سید عاشق حسین کرمانی، سید رضا علی گیلانی ، چوہدری جاوید علاوالدین ، میاں محمد منیر، ملک محمد ارشد،محمد ارشد خاں لو دھی ،میاں نو ید علی ،میا ں یاور زماں،پیر خضر حیات کھگہ ،میاں معین خان وٹو اور نذر فرید نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

ریلی کے شرکاء نے مسلم لیگی قائد ین میاں محمد نواز شریف اور میاں محمد شہباز شریف کی تصاویر کے پوسٹرز اٹھا رکھے تھے اور وہ ان کے حق میں زبر دست نعرہ بازی کر رہے تھے ریلی کے دوران کارکن ڈھول کی تھاپ پر والہانہ رقص بھی کرتے رہے۔ ریلی جوگی چوک سے شروع ہوکر پاکپتن بازار ۔صدر بازار سے ہوتی ہوئی صدر چوک سے واپس جوگی چوک پہنچ کر ختم ہوئی۔ریلی سے خطاب کر تے ہو ئے صوبا ئی وزیر عشر وزکو ة ملک ندیم کامران نے کہا کہ پوری قوم مسلم لیگی قائد ین کی قیادت میں متحد ہے تاکہ ملک میں جاری تعمیر و ترقی کا عمل مکمل ہو سکے ۔ سرگودھا میں استحکام پاکستان ریلی کا آغاز کمپنی باغ سے ہوا۔ ریلی کے کوآرڈی نیٹر شاہنواز رانجھا تھے۔ ریلی میں مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔