بھارت میں لاہور لائنز نے چیمپئنز لیگ کے میچ میں ممبئی انڈینز کو شکست دیدی،عمر اکمل کی 18 گیندوں پر 38 رنز کی ناقابل شکست اننگز ،مین آف دی میچ قرار پائے ، فتح میں ٹیم کے ہر کھلاڑی نے اپنا کردار ادا کیا، کپتان محمد حفیظ

اتوار 14 ستمبر 2014 09:06

رائے پور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔14ستمبر۔2014ء)چیمئنز لیگ کوالیفائنگ میں لاہور لائنز نے آئی پی ایل کی بھارتی ٹیم ممبئی انڈینز کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔بھارتی ریاست چھتیس گڑھ کے شہر رائے پور میں کھیلی جانے والی چیمپئنز لیگ کے کوالیفائینگ راوٴنڈ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بھارت کی ٹیم ممبئی انڈینز نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر پاکستان کی ٹیم لاہور لائنز کو 136 رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں لاہور لائنز نے مطلوبہ ہدف 18 ویں اوور میں 6 وکٹوں کے نقصان پر ہی حاصل کرلیا۔

میچ میں شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرنے پر عمراکمل کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا، اکمل نے 18 گیندوں پر 38 رنز کی ناقابل شکست اننگ کھیلی۔ اس کے علاوہ احمد شہزاد نے 34، ناصر جمشید نے 26، کپتان محمد حفیظ نے 18 اور سعد نسیم نے 6 رنز اسکور کئے جب کہ آصف رضا 14 رنز بنا کر ناٹ آوٴٹ رہے۔

(جاری ہے)

بولنگ کے دوران اعزاز چیمہ اور وہاب ریاض نے 2، 2 جب کہ آصف رضا اور عمران علی نے 1، 1 وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل کھیلتے ہوئے ممبئی انڈینز نے 135 رنز بنائے جس میں کپتان کیرون پولارڈ 6 رنز بنا کر عمران علی کا شکار بنے جب کہ ادتیا تارے 36 رنز بنا کر وہاب ریاض کی گیند پر عدنان رسول کو کیچ دے بیٹھے۔ اسی طرح مائیکل ہوسی بھی 28 رنز بنا کر وہاب ریاض کی گیند پر عمر اکمل کو کیچ دے کر پویلین لوٹ گئے۔ممبئی انڈینز کو شکست دینے کے بعد لاہور لائنز کے کپتان محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ میچ کے دوران وہاب ریاض اور اعزاز چیمہ نے بہترین بولنگ جب کہ عمراکمل نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب جانتے ہیں ممبئی انڈینز بھارتی ٹی ٹوئنٹی لیگ کا ایک بہت بڑا نام ہے لیکن لاہور لائنز کی فتح میں ٹیم کے ہر کھلاڑی نے اپنا کردار ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :