ہنگو،ٹل پولیس تھانہ پر خود کش حملہ‘ ایک پولیس اہلکار شہید‘ تین زخمی ،تھانے کو جزوی نقصان، سوات میں فائرنگ سے امن کمیٹی کے 2ممبران جاں بحق

منگل 16 ستمبر 2014 09:05

ہنگو (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔16ستمبر۔2014ء) ہنگو کے علاقے ٹل پولیس تھانہ پر خود کش حملہ‘ ایک پولیس اہلکار شہید‘ تین زخمی ہوگئے۔ تھانے کو جزوی نقصان ‘ علاقے میں کرفیو نافذ ‘ سرچ آپریشن شروع کیا گیا‘ 65 مشتبہ افراد گرفتار‘ تفصیلات کے مطابق پیر کے روز اعلیٰ الصبح چار بجے کے قریب چھ سے سات افراد پر مشتمل شدت پسند گروپ نے تھانہ ٹل کی حدود میں داخل ہوکر دو خود کش حملہ آوروں نے تھانہ آکر اندر داخل ہونے کی کوشش کی اس دوران ڈیوٹی پر مامور پولیس اہلکاروں نے ان پر فائرنگ شروع کی جن میں سے ایک حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا۔

جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار صابر نواز سکنہ تخت نصرتی کرک شہید ہوگئے جبکہ پولیس اہلکاران عمر سعید کرکت‘ میر جنگ لکی مروت اور طاہر شدید زخمی ہوگئے جنہیں ٹل ہسپتال میں داخل کردیے دھماکے سے تھانے کی چاردیواری اور دروازے کو شدید نقصان پہنچا واقعے کے فوراً بعد ڈی پی او انور سعید کنڈی کی قیادت میں ضلع بھر کی پولیس موقع پر پہنچ گئی بعد میں سکیورٹی فورسز کی نفری بھی پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر کرفیو نافذ کردیا گیا اور سرچ آپریشن شروع کیا مختلف جگہوں سے 65 مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیاگیا مزید تفیش جاری ہے۔

(جاری ہے)

ادھرسوات کی تحصیل کیل کے علاقے برہبانڈی میں فائرنگ سے امن کمیٹی کے 2ممبران جاں بحق ہوگئے ۔پیرکے روزسوات کے علاقے برہ بانڈی میں نامعلوم شدت پسندوں نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں امن کمیٹی کے دوممبران جاں بحق ہوگئے ہیں ۔واضح رہے کہ پیرکی صبح گل جبہ میں بھی ایک کارکن کوقتل کردیاگیاواقعہ کے بعدپولیس نے علاقے کوگھیرے میں لیکرسرچ آپریشن شروع کردیاہے ۔