پاکستان عوامی تحریک کے ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات عمر ریاض عباسی کی گرفتاری کے بعد رہائی، وزیراعظم ، وزیر داخلہ کیخلاف اندراج مقدمہ کیلئے جارہے تھے پولیس نے تھانہ سیکرٹریٹ منتقل کیا ، بعد ازاں چھوڑ دیا ،حکمران بدحواسی کا شکار ہیں ، حکومت کے خاتمے تک جدوجہد جاری رہے گی ، ترجمان عوامی تحریک

منگل 16 ستمبر 2014 09:07

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔16ستمبر۔2014ء) پاکستان عوامی تحریک کے ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات عمرریاض عباسی کو گرفتاری کے بعد رہا کردیا گیا ۔ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات وزیراعظم ، وزیر داخلہ کیخلاف اندراج مقدمہ کی سماعت کیلئے جارہے تھے ۔

(جاری ہے)

ترجمان پاکستان عوامی تحریک کے مطابق ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات عمر ریاض عباسی وزیراعظم میاں نواز شریف اور وزیر داخلہ کیخلاف مقدمے کی سماعت کیلئے ڈی چوک سے ایف ایٹ کچہری جارہے تھے کہ تھانہ سیکرٹریٹ پولیس نے انہیں مارگلہ روڈ سے گرفتار کرکے تھانہ سیکرٹریٹ منتقل کردیا تاہم کچھ دیر بعد پولیس نے انہیں رہا کردیا ۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ حکمران بدحواسی کا شکار ہیں ظالم اور جابر حکمرانوں کی گرفتاریاں ہمارا راستہ نہیں روک سکتیں ہماری جدوجہد جاری ہے اور حکومت کے خاتمے تک جاری رہے گی ۔