انڈونیشیا،فضائی حدود کی خلاف ورزی پر آسٹریلوی طیارہ زبر دستی اتار لیا گیا ،پائلٹ اور معاون پائلٹ گرفتار

جمعرات 23 اکتوبر 2014 07:16

جکارتہ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔23اکتوبر۔2014ء)انڈونیشیاء کی فضائیہ کے طیاروں نے بدھ کے روز آسٹریلیا کے ایک ہلکے طیارے کا سراغ لگاتے ہوئے اسے زبردستی لینڈ کرا دیا،جب طیارہ بغیر اجازت کے ملک کی فضائی حدود میں داخل ہوگیا تھا،یہ بات حکام نے کہی۔فضائیہ کے ترجمان ہادی کاہیانتو نے اے ایف پی کو بتایا کہ آسٹریلین رجسٹرڈ بیچ کرافٹ سویلین طیارہ ڈارون آسٹریلیا سے فلپائن میں سیبو کیلئے پرواز کر رہا تھا جب اسے دو سخوئی لڑاکا طیاروں کی جانب سے روکا گیا اور اسے وسطی انڈونیشیاء میں جزیرہ سلاویسی کی شمالی پٹی پر واقع مناڈو کے ائیرپورٹ پر اتار دیاگیا۔

پائلٹ اور شریک پائلٹ دونوں آسٹریلین صرف طیارے پر سوار تھے۔کاہیانتو نے کہا کہ مرید تفتیش کیلئے انہیں ائیرپورٹ حکام کے حوالے کرنے سے قبل فوجی تفتیش کاروں کی جانب سے ان سے پوچھ گچھ کی گئی۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ ان کے پاس کلےئرنس لیٹر نہیں تھا جس کے تحت انہیں انڈونیشیاء کی فضائی حدود میں داخل ہونے کی اجازت حاصل ہو،لیکن کیونکہ وہ سویلین ہیں فوجی نہیں اس لئے ہم نے انہیں تفتیش کیلئے ائیرپورٹ حکام کے حوالے کردیا ہے۔

وزارت ٹرانسپورٹ کے ترجمان جے اے باراتا نے کہا کہ طیارہ پہلے دارالحکومت کے ہمسایہ مالوکو جزائر کے اوپر امبون کے مقام پر دیکھا گیا اور اسے لینڈ کرنے کو کہا گیا،انہوں نے کوئی توجہ نہیں دی لہذا انہیں زبردستی مناڈو میں لینڈ کرایا گیا۔باراتا نے یہ نہیں بتایا کہ گرفتار شدگان کے خلاف کیا کارروائی عمل میں لائی جائے گی کیونکہ ان سے ابھی تک پوچھ گچھ جاری ہے۔