دبئی ٹیسٹ میں سنچری، یونس خان کا تمام ٹیسٹ ممالک کیخلاف سنچریاں بنانے والے پہلے پاکستانی کھلاڑی کا اعزاز،انضمام کا سنچریوں کا ریکارڈ بھی برابر کردیا ،مجھے فخر ہے میں پہلا پاکستانی ہوں جس نے تمام ٹیسٹ ملکوں کیخلاف سنچریاں بنائی ہیں، میرے ذہن میں صرف یہی ہوتا ہے اگر میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کروں گا تو ایک بافخر پاکستانی بنوں گا،آسٹریلیا بہت مشکل ٹیم ہے،سٹا ر بیٹسمین کی گفتگو ،مچل جانسن کی بھی یونس خان کو مبارکباد ، یونس نے بہت اچھی بیٹنگ کی اور صبر وتحمل سے کھیلے، آسٹریلوی فاسٹ باؤلر

جمعرات 23 اکتوبر 2014 04:00

دبئی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔23اکتوبر۔2014ء)قومی کرکٹ ٹیم کے سٹار بلے بازیونس خان نے تمام ٹیسٹ کھیلنے والے ملکوں کیخلاف سنچریاں بنانے والے پہلے پاکستانی کھلاڑی کا اعزاز حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ آسٹریلیا کیخلاف سنچری بناکر انضمام الحق کا 25ٹیسٹ سنچریوں کا ریکارڈ بھی برابر کردیا ہے اور کہا ہے کہ مجھے فخر ہے کہ میں پہلا پاکستانی ہوں جس نے تمام ملکوں کیخلاف سنچریاں بنائی ہیں۔

36سالہ یونس خان نے سات رنز دو کھلاڑی آؤٹ کی نازک صورتحال پر پہلے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز کھیل کو سنبھالا اور اختتام تک اسے 219رنز4کھلاڑی آؤٹ تک پہنچا دیا۔دبئی سٹیڈیم میں آسٹریلیا کے خلاف یونس خان کی یہ پہلی سنچری تھی جس کے بعد وہ دنیا کے12ویں بیٹسمین بن گئے ہیں جنہوں نے تمام ٹیسٹ ملکوں کیخلاف سنچریاں بنائیں۔

(جاری ہے)

یہ ان کی 25ویں سنچری تھی جس سے وہ انضمام الحق کے برابر پہنچ گئے ہیں۔

میچ کے بعد یونس خان کا کہنا تھا کہ مجھے اس اعزاز پر بیحد خوشی ہے اور فخر ہے کہ میں پہلا پاکستانی ہوں جس نے تمام ملکوں کے خلاف سنچریاں بنائیں۔اس سے قبل جنوبی افریقہ کے گیری کرسٹن اور جیک کیلس،سری لنکا کے مارون اتاپتو،مہیلا جے وردھنے اور کمار سنگاکارا،آسٹریلیا کے سٹیووا،رکی پونٹنگ اور ایڈم گلکرسٹ،بھارت کے سچن ٹنڈولکر اور راہول ڈریورڈ جبکہ ویسٹ انڈیز کے برائن لارا یہ اعزاز حاصل کرچکے ہیں۔

یونس خان نے کہا کہ جب میں نے سری لنکا میں 177رنز بنائے اور محمد یوسف کا 24سنچریوں کا ریکارڈ برابر کردیا تو میرے ذہن میں آیا کہ میں نے آسٹریلیا کے خلاف کوئی سنچری نہیں بنائی اور مجھے انضمام الحق کا ریکارڈ برابر کرنا چاہئے،یہ میرے لئے بڑے فخر کی بات ہوگی۔انہوں نے کہا کہ تین ایک روزہ میچوں کی سیریز مکمل طور پر ہارنے کے بعد یہ میچ آسان نہیں تھا،میں ہمیشہ ملک کیلئے کھیلا ہوں اور جب بھی ٹیم کو میری ضرورت ہوتی ہے میں مثبت کرکٹ کھیلتا ہوں،میرے ذہن میں صرف یہی ہوتا ہے کہ اگر میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کروں گا تو ایک بافخر پاکستانی بنوں گا۔

انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف ہمیں کم از کم400رنز بنانے ہوں گے لیکن یہ کام آسان نہیں،آسٹریلیا بہت مشکل ٹیم ہے۔دوسری جانب آسٹریلیا کے فاسٹ باؤلر مچل جانسن نے بھی یونس خان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے شروع میں دو وکٹیں حاصل کرلی تھیں لیکن یونس خان نے بہت اچھی بیٹنگ کی اور صبر وتحمل سے کھیلے اور اپنا مطلوبہ ہدف حاصل کرلیا۔

متعلقہ عنوان :