ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی کے مابین اختلافات ختم اور معاملات ٹھیک ہوجائیں گے لیکن برف پگھلنے میں کچھ وقت تو لگے گا ،منظور وسان

جمعرات 23 اکتوبر 2014 04:20

کراچی( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔23اکتوبر۔2014ء ) سندھ کے وزیر جیل خانہ جات منظور حسین وسان نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی کے مابین پیدا ہوجانے والے اختلافات ختم اور معاملات ٹھیک ہوجائیں گے لیکن برف پگھلنے میں کچھ وقت تو لگے گا ۔ہم دونوں پارٹیاں 1988ء سے ساتھ چلے آرہے ہیں۔ ہم سب بھائی ہیں۔ شہری دیہی کی تفریق نہیں ہونی چاہئے ۔ ایم کیو ایم میں بہت باشعور لوگ بھی ہیں۔

خواہش رہی ہے کہ ثالثی کا کردار اداکروں‘ بہتری اسی میں ہے کہ دونوں پارٹیاں مل کر کام کریں۔ شفاف اور آزادانہ بلدیاتی انتخابات کے لئے ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی دونوں متفق ہیں۔ سندھ حکومت صوبے کے بلدیاتی اداروں کو درکار فنڈز اور مطلوبہ وسائل فراہم کرے گی ۔صوبائی وزیر منظور حسین وسان نے ان خیالات کا اظہاربدھ کو اپنے دفتر میں ملاقات کے لئے آنے والوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میں نے پیش گوئی کردی تھی کہ طاہر القادری کا دھرنا ختم ہوجائے گا ۔ اب جلد ہی عمران خان کا دھرنا بھی ختم ہو جائے گا ۔صوبائی وزیر منظور حسین وسان نے کہا کہ عمران خان اور طاہر القادری میں بھی اختلافات ہیں عمران خان نے جلسوں میں جانے سے پہلے طاہر القادری کو اعتماد میں نہیں لیا ۔ اب طاہر القادری نے بھی دھرنا ختم کرنے پر عمران کو اعتماد میں نہیں لیا ۔انہوں نے کہا کہ عمران خان اور طاہر القادری کو انتخابات کا انتظار کرنا پڑے گا ۔ انہوں نے کہا کہ جب شیر کے شکار کا وقت آئے گا تو یہ کام پاکستان پیپلز پارٹی ہی کرے گی ۔ انہوں نے پیش گوئی کی کہ اگلے انتخابات میں سارے پاکستان میں اصل مقابلہ پاکستان پیپلز پارٹی ‘ ن لیگ اور تحریک انصاف کے مابین ہوگا ۔