سپریم کورٹ وزیراعظم کو نااہل قرار دینے کے لیے دائردرخواستوں کا فیصلہ آج کرے گی،جسٹس جوادایس خواجہ کی بنچ میں موجودگی کا فیصلہ بھی آ ج ہو جا ئے گا

جمعرات 23 اکتوبر 2014 04:16

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔23اکتوبر۔2014ء )سپریم کورٹ وزیراعظم کو نااہل قرار دینے کے لیے دائردرخواستوں کا فیصلہ آج جمعرا ت کو کرے گی جسٹس جوادایس خواجہ کی سربراہی میں فل بینچ نے تحریک انصاف کے اسحاق خاکوانی اور مسلم لیگ(ق) کے چوہدری شجاعت حسین کی طرف سے دائر درخواستوں کی سماعت جمعرات تک ملتوی کرتے ہوئے آبزرویشن دی تھی کہ سائلین کاکام مقدمات دائرکرنا اورعدالت کاکام فیصلے کرناہے، فیصلے قانون کے مطابق ہوتے ہیں، درخواست گزاروں کی مرضی کے مطابق نہیں۔

جسٹس جوادایس خواجہ نے کہاکہ مجھے بینچ میں بیٹھنا چاہیے یانہیں اس کا بھی جمعرات کو فیصلہ کرلیا جائے گا۔جبکہ جسٹس جوادپر اسحاق خاکوانی کے وکیل عرفان قادرکے اعتراض کے جواب میں جسٹس قاضی فائزعیسیٰ نے کہا تھاکہ یہ نہیں ہوسکتاکہ کسی جج پراعتراض ہوتو ہم کیس سننا بندکردیں۔

(جاری ہے)

عرفان قادر نے کہاکہ انھوں نے ایک درخواست دائرکی ہے جس میں استدعاکی گئی ہے کہ جسٹس جوادایس خواجہ زیرغور مقدمہ نہ سنیں۔

جسٹس فائزعیسیٰ کاکہنا تھاکہ اس درخواست کوتو چیف جسٹس مستردکر چکے ہیں۔ فاضل وکیل نے بتایاکہ چیف جسٹس نے لارجربینچ کے لیے گوہرسندھوکی درخواست مستردکردی ہے۔

ریکیوزل کیلیے دائر درخواست پر رجسٹرارآفس نے اعتراضات لگائے تھے اوراب ان اعتراضات کے خلاف اپیل دائرکی گئی ہے۔ جسٹس جوادنے عرفان قادرکوکہاکہ آپ نے ہمیں بتا دیا اورہم نے سن لیا۔

فیصلہ ہم ہی کو کرنا ہے۔ درخواست گزار بہت کچھ چاہتاہے لیکن عدالت ان کی خواہشات کے مطابق فیصلے نہیں کرتی۔عرفان قادرنے کہاکہ یہ مفادعامہ اورقومی اہمیت کاکیس ہے۔ چونکہ یہ اپنی نوعیت کا پہلا مقدمہ ہے اس لیے لارجربینچ ہی اس کو سنے۔ عرفان قادرکا مزیدکہنا تھا کہ ذوالفقار علی بھٹو اور یوسف رضا گیلانی کیس میں معاملے کی اہمیت کے پیش نظر عدالت نے خود ہی لارجربینچ میں زیرغور لانے کا فیصلہ کیا تھا۔ جسٹس جواد نے کہاکہ اگرہم قائل ہوئے کہ معاملہ بہت اہم ہے تو لارجربینچ کو بھیجنے کی سفارش کرسکتے ہیں۔ فاضل جج نے کہاکہ شاید کچھ لوگ مجھ سے زیادہ شاکی ہیں اس لیے آئندہ سماعت پرسارے فیصلے کرلیے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :