ادھورا دورہ‘ بھارتی کرکٹ ٹیم کا ویسٹ انڈیز کیساتھ مستقبل کی تمام سیریز منسوخ کرنیکا اعلان ، بھارتی کرکٹ بورڈ ، ویسٹ انڈیز پر مقدمہ دائر کرے گا

جمعرات 23 اکتوبر 2014 04:00

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔23اکتوبر۔2014ء) بھارتی کرکٹ بورڈ نے دورہ ادھورا چھوڑ کر جانے پر ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ پر مقدمہ دائر کرنے اور بھارتی کرکٹ ٹیم کے ویسٹ انڈیز کے ساتھ مستقبل کی تمام سیریز منسوخ کرنے کا اعلان کیا ہے۔بھارتی اور عالمی میڈیا کے مطابق منگل کو جنوبی شہر حیدر آباد میں ایک اجلاس کے بعد جاری کیے گئے ایک بیان میں بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا نے کہا کہ وہ دورے کے اچانک منسوخ کیے جانے پر ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا ارادہ رکھتا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ بی سی سی آئی اور ڈبلیو آئی سی بی کے درمیان تمام دو طرفہ دورے منسوخ کر دیے گئے ہیں۔ بھارت نے فروری مارچ 2016 کو ویسٹ انڈیز کے دورے پر جانا تھا۔ پچھلے جمعے دورہ ختم کرنے کے اعلان کے ساتھ ڈبلیو آئی سی بی نے بی سی سی آئی اور اس دورے کے تمام شراکت داروں سے معافی مانگی تھی اور امید ظاہر کی تھی کہ ان کے درمیان مضبوط اور پائیدار تعلقات جاری رہیں گے۔

(جاری ہے)

بھارت میں ایسی خبریں بھی گردش کر رہی ہیں کہ بی سی سی آئی ویسٹ انڈیز کے کھلاڑیوں کے انڈین پریمیئر لیگ میں کھیلنے پر پابندی لگا سکتا ہے ، تاہم بیان میں ایسی کوئی بات نہیں کہی گئی۔ خیال رہے کہ بھارت کے دورے کے دوران ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ اور کھلاڑیوں کے درمیان کنٹریکٹ پر اختلافات کی خبریں گردش کرتی رہی ہیں۔

متعلقہ عنوان :