تحریک انصاف آج لاڑکانہ میں عوامی طاقت کا مظاہرہ کرے گی ،شہر کے مختلف علاقوں میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور دیگر رہنماؤں کی تصاویر اور پینا فلیکس آویزاں ، لوگوں میں جوش و خروش کے باعث 2 لاکھ افراد کی شرکت متوقع ہے، شفقت حسین انڑ

جمعہ 21 نومبر 2014 08:21

لاڑکانہ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔21نومبر۔2014ء)پاکستان تحریک انصاف آ ج جمعہ کو سندھ کے شہر لاڑکانہ میں عوامی طاقت کا مظاہرہ کرے گی۔لاڑکانہ شہر سے صرف آٹھ کلومیٹردورگوٹھ علی آبادمیں 21نومبر کو پی ٹی آئی کے جلسے کے لئے انتظامات جاری ہیں۔شہر کے مختلف علاقوں میں تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان اور دیگر رہنماوں کی تصاویر اور پینا فلیکس آویزاں کردیئے گئے ہیں۔

تحریک انصاف کے رہنما اور جلسے کے میزبان شفقت حسین انڑ کا کہنا ہے کہ لوگوں میں جوش و خروش کے باعث 2 لاکھ افراد کی شرکت متوقع ہے۔ جلسے کی کامیابی کے لئے لاڑکانہ شہر سمیت مختلف علاقوں میں 15 سے زائد استقبالیہ کیمپ لگائے گئے ہیں۔ علی آبادمیں مجموعی طورپر12لاکھ اسکوائرفٹ کی کھلی اراضی پر بنائے گئے جلسہ گاہ میں 50ہزارافرادکے بیٹھنے کے انتظامات کئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

جبکہ یہاں دو لاکھ افراد کے آنیکی گنجائش رکھی گئی ہے۔یہاں پہلی بار کنٹینر کے بغیر 17 فٹ اونچا، 24 فٹ چوڑا اور64 لمبا لوہے کے پائپ اور چادروں سے اسٹیج بنایا گیا ہے۔ عوام اور اسٹیج کے درمیان 60 فٹ کا حفاظتی فاصلہ بھی رکھا گیا ہے۔ پنڈا کے تمام طراف بڑی لائٹس لگادی گئی ہیں تاکہ اگر جلسہ دیر سے ختم ہو تو عوام کو پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ جلسہ گاہ کو چاروں طرف قناتوں کے ذریعے کور کیا جارہا ہے۔