دبئی ٹیسٹ :پاکستانی سپنرز نے کیویز کو پھر دبوچ لیا، نیوزی لینڈ دوسری اننگز میں مشکلات سے دوچار، آدھی ٹیم پویلین لوٹ گئی، گرین شرٹس 10رنز کے خسارے پر 392رنز پر آؤٹ ، نیوزی لینڈ نے دوسری اننگز میں 6وکٹوں پر 167 رنز بنا کر177رنز کی برتری حاصل کرلی ، ٹیلر نے کیویز کی ڈوبتی بیٹنگ کو سہارا دیا77رنز پر کریز پر موجود ، سرفرا ز اور ذوالفقار بابر کی 3,3وکٹیں ، پاکستان کی جانب سے سرفراز احمد نے112رنز کی شاندار اننگز کھیل کر کیلنڈر ایئر میں تین ٹیسٹ سنچریاں بنانے والے پہلے وکٹ کیپر بھی بن گئے ، کیویز کی جانب سے ٹم ساوٴتھی نے 3، ٹرینٹ بولٹ اور اش سْدھی نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا

جمعہ 21 نومبر 2014 08:11

دبئی( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔21نومبر۔2014ء ) دبئی ٹیسٹ کے چوتھے روز پاکستانی ٹیم 10رنز کے خسارے پر 392رنز پر آؤٹ ہوگئی ، نیوزی لینڈنے دوسری اننگز میں6وکٹوں پر 167رنز بنائے ، سرفراز احمد نے 112رنز کی شاندار اننگز کھیلی ،اس سنچری کی بدولت وہ ایک کیلینڈر ایئر میں تین ٹیسٹ سنچریاں بنانے والے پہلے وکٹ کیپر بن گئے ہیں، ذوالفقار بابر اور یاسر شاہ کی 3,3وکٹیں ، ٹیلر نے کیویز کی ڈوبتی بیٹنگ کو سہارا دیا ، نیوزی لینڈ ے 6وکٹوں پر 167رنز بنا کر 177رنز کی برتری حاصل کرلی ، ٹیلر 77رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں ۔

دبئی انٹرنیشل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف 281 رنز 6 کھلاڑی آوٴٹ پر اپنی نامکمل اننگز کا آغاز کیا تو سرفراز احمد 28 جبکہ یاسر شاہ ایک رن پر کریز پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

دونوں کھلاڑیوں نے ابھی صرف 4 رنز کا اضافہ کیا تھا کہ یاسر شاہ کو ٹم ساوٴتھی نے آوٴٹ کردیا، یاسر شاہ صرف 2 رنز ہی بناسکے۔ اس موقع پر وکٹ کیپر بیٹسمین کا ساتھ نبھانے احسان عادل میدان میں آئے لیکن وہ بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹک سکے اور وہ بھی اپنا کھاتہ کھولے بغیر ہی ساوٴتھی کا شکار بن گئے، جس کے بعد سرفراز احمد نے ذوالفقار بابر کے ساتھ مل کر کیویز کے خلاف مزاحمت شروع کی تاہم 312 کے مجموعی اسکور پر ذوالفقاربابر کو ٹرینٹ بولٹ نے آوٴٹ کردیا۔

سرفراز احمد اور راحت علی کیویز کی جانب سے بڑی برتری کی خواہش کی راہ میں رکاوٹ بن گئے۔ دونوں کھلاڑیوں نے آخری وکٹ پر 81 رنز کا اضافہ کیا ، اسی دوران سرفراز احمد نے اپنے ٹیسٹ کیرئیر کی تیسری سنچری بھی مکمل کی، جس کے بعد وہ ایک ہی سال میں 3 ٹیسٹ سنچریاں بنانے والے پاکستان کے پہلے وکٹ کیپر بن گئے۔ کھانے کے وقفے تک پاکستان نے 9 وکٹوں کے نقصان پر 392 رنز بنالئے تاہم کھانے کے بعد قومی ٹیم کے اسکور میں صرف ایک رن کا ہی اضافہ ہوسکا اور سرفراز احمد برینڈن مکولم کے ہاتھوں آوٴٹ ہوگئے انہوں نے شاندار 112 رنز بنائے جبکہ راحت علی 16 رنز پر ناٹ آوٴٹ رہے، کیویز کی جانب سے ٹم ساوٴتھی نے 3، ٹرینٹ بولٹ اور اش سْدھی نے 2،2 جبکہ مارک کریگ، جیمز نیشم اور برینڈن مکولم نے ایک ایک کھلاڑی آوٴٹ کیا۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے دوسری اننگز کا آغاز برینڈن مکولم اور ٹام لیتھم نے کیا ، دونوں کھلاڑیوں نے نیوزی لینڈ کو 42 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا تاہم یاسر شاہ نے ٹام لیتھم کی وکٹ لے کر اس شراکت داری کو توڑا جس کے بعد کوئی بھی بلے باز کریز پر زیادہ دیر تک نہ ٹک سکا، مکولم 45، ولیمسن 11, اینڈرسن صفر اور جیمز نیشم 11 رنز بنا ذوالفقار بابر کی بال پر بولڈ ہوگئے 166رنز پر نیوزی لینڈ کی چھٹی وکٹ گری جب واٹلنگ صرف 11رنز بنا کر یاسر شاہ کی بال پر کیچ آؤٹ ہوئے ۔

چوتھے دن کھیل کے اختتام ہوا تو نیوزی لینڈ نے 6وکٹوں پر 167رنز بنا کر 177رنز کی مجموعی برتری حاصل کرلی تھی ۔ ذوالفقار بابر اور یاسر شاہ نے 3,3وکٹیں حاصل کیں ، ٹیلر 77 اور کریگ بغیر کوئی رنز بنائے وکٹ پر موجود ہیں ۔واضح رہے کہ 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو ابوظہبی میں کھیلے گئے میچ میں 248 رنز سے شکست دی تھی جس کے ساتھ قومی ٹیم کو سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہے۔

متعلقہ عنوان :