لاہور سے کوئٹہ آنیوالی اکبربگٹی ایکسپریس کو ٹریک پربم نصب کرکے اڑانے کی کوشش ،انجن اور 8 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں ،دو مسافر معمولی زخمی ،مسافروں میں خوف و ہراس پھیل گیا، دھماکے سے 2فٹ سے زائد ریلوے ٹریک اڑگیا

جمعہ 21 نومبر 2014 08:13

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔21نومبر۔2014ء) بلوچستان کے علاقہ دشت میں لاہور سے کوئٹہ آنیوالی ٹرین اکبربگٹی ایکسپریس کو ٹریک پربم نصب کرکے اڑانے کی کوشش میں ایک انجن اور 8 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں جس سے دو مسافر معمولی زخمی ہوئے اور دھماکہ سے مسافروں میں خوف و ہراس پھیل گیا دھماکے سے 2فٹ سے زائد ریلوے ٹریک اڑگیا یہاں آمدہ اطلاعات کے مطابق جمعرات کی شب لاہور سے کوئٹہ آنیوالی اکبر بگٹی ایکسپریس کو دشت کے علاقے 13 میل اسپیزنڈ سریاب کے مقام پر نامعلوم افراد نے سریاب اسپیزنڈ کے علاقہ میں ریلوے ٹریک پر تخریبکاری کی غرض سے دھماکہ خیز مواد نصب کررکھا تھا جیسے ہی ٹرین وہاں پر پہنچی تو ٹریک پر نصب دھماکہ خیز موادزور دار دھماکہ سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں ٹرین کاانجن اور8 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں جس سے دو افراد اسسٹنٹ ڈرائیور محمد جاوید ، مسافر ملک ریاض زخمی ہوگئے دھماکے سے ٹرین میں سوار مسافروں میں خوف و ہراس پھیل گیا دھماکہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس فرنٹیئر کور بم ڈسپوزل کا عملہ اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں فورسز نے علاقے میں گھیرے میں لیکر امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا بم ڈسپوزل ذرائع کے مطابق دھماکہ ریموٹ کنٹرول کے ذریعے کیا گیا جس سے 2فٹ سے زائد ریلوے ٹریک کا ٹکرا اڑ گیا اور ریلوے ٹریک کو شدید نقصان پہنچا دھماکے میں 8کلو سے زائد مواد استعمال کیا گیا چیف کنٹرولر ریلوے محمدکاشف نے ”خبر رساں ادارے“ کو بتایا کہ ٹرین کو 366/9 سریاب اسپییزنڈ کے مقام پر دھماکہ سے نشانہ بنایاگیا جس سے انجن اور 8 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں ٹرین میں گیارہ بوگیاں تھیں پولیس نے نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے کارروائی شروع کردی ۔