صوبائی حکومت وفاق کی ناانصافیوں کے خلاف جلد سپریم کورٹ میں رٹ دائر کر رہی ہے،مشتاق احمد غنی، وفاق صوبائی حکومت کے ساتھ تعاون نہیں کر رہا ،متنازعہ معاملات کو سپریم کورٹ کی مدد سے حل کرنے کا فیصلہ کیا ہے ،صوبائی وزیر اطلاعات

جمعہ 21 نومبر 2014 08:15

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔21نومبر۔2014ء)خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات و اعلیٰ تعلیم مشتاق احمد غنی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت وفاق کی ہمارے صوبے کے ساتھ ناانصافیوں کے خلاف جلد سپریم کورٹ میں رٹ دائر کر رہی ہے اور اس حوالے سے وکلاء کے ساتھ مشاورت کا سلسلہ جاری ہے۔ وفاق صوبائی حکومت کے ساتھ تعاون نہیں کر رہا ہے اس لئے متنازعہ معاملات کو سپریم کورٹ کی مدد سے حل کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز ماڈرن سکول سسٹم کی سالانہ تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر سپیکر صوبائی اسمبلی اسد قیصر ، رکن صوبائی اسمبلی شوکت یوسفزئی، ادارے کے ایم ڈی آصف زبیر شیخ، پرنسپل نگار خان نے بھی خطاب کیا ،بچوں نے اس موقع پر ملی نغمے، ٹیبلو ، پی ٹی شواور دیگر رنگا رنگ تفریح پروگرام پیش کئے ، تقریب میں والدین کی اکثریت کے ساتھ ساتھ رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر اظہر جدون، ایم پی اے، نرگس بی بی ، تحریک انصاف کے رہنما سجاد اکبربھی موجود تھے ، صوبائی وزیر اطلاعات نے اس موقع پراپنے خطاب میں کہا کہ تحریک انصاف نے صوبے میں تبدیلی لانے کاجو وعدہ کیا وہ پورا کر دکھایا ہے صوبے سے کرپشن کے خاتمے کیساتھ ساتھ پولیس اور محکمہ تعلیم سمیت تمام محکموں میں بھرتیاں میرٹ کی جا رہی ہیں، صوبے میں یکساں نظام تعلیم نافذ کر دیاگیا ہے جس سے غریب اور امیر کے درمیان فرق ختم ہوگا، صوبے کی تاریخ میں پہلی بار محکمہ تعلیم، پولیس میں ایک اچھی شہرت کے حامل ٹیسٹنگ ادارے این ٹی ایس کے ذریعے سرکاری ملازمتوں کی فراہمی یقینی بنائی گئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت نے 500ملین روپے کا خصوصی فنڈ قائم کیا ہے جس سے ایسے ہونہار طلباء جو اپنے تعلیمی اخراجات برداشت نہیں کر سکتے ہیں ان کو اس فنڈ کے ذریعے مفت تعلیم دی جائے گی اس کے علاوہ حکومت صوبے میں 2نئے ہوم اکنامکس کالجز کا قیام عمل میں لا رہی ہے جو رواں سال کے ترقیاتی پروگرام میں شامل ہیں اور اس پر کام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ تقریب کے اختتام پر سپیکر اسد قیصر ، صوبائی وزیر مشتاق احمد غنی ، ایم این اے ڈاکٹر اظہر جدون اور رکن صوبائی اسمبلی شوکت یوسفزئی نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنیوالے طلباء و طالبات میں انعامات تقسیم کئے ۔

متعلقہ عنوان :