ہمارے بچے جتنے صحت مند‘ مضبوط ا ور توانا ہوں گے ہمارا قومی مستقبل بھی اتنا ہی روشن اور تابناک ہو گا،صدرمملکت،پولیو کے مرض نے ہمارے بچوں کے مستقبل کو ہی خطرے میں نہیں ڈالا بلکہ اس نے بین الاقوامی سطح پر بھی ملک کی ساکھ کو بہت نقصان پہنچایا ہے، انٹرنیشنل پیڈیاٹرک کانفرنس سے خطاب

جمعہ 21 نومبر 2014 08:13

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔21نومبر۔2014ء) صدرمملکت ممنون حسین نے اس بات پر زور دیا ہے کہ ہمارے بچے جتنے صحت مند‘ مضبوط ا ور توانا ہوں گے ہمارا قومی مستقبل بھی اتنا ہی روشن اور تابناک ہو گا‘ پولیو کے مرض نے ہمارے بچوں کے مستقبل کو ہی خطرے میں نہیں ڈالا بلکہ اس نے بین الاقوامی سطح پر بھی ملک کی ساکھ کو بہت نقصان پہنچایا ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ پولیوسے متاثرہ علاقوں میں مشنری جذبے کے ساتھ کام کیا جائے ۔

وہ مقامی ہوٹل میں انٹرنیشنل پیڈیاٹرک کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ممنون حسین نے کہا کہ وہ بچے بھی توجہ کے طلب گار ہیں جو دور دراز علاقوں میں رہتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہمارے ہاں بچوں کی صحت کی سہولتوں کی خاطرخواہ کمی ہے جن کی وجہ سے ہمارے بعض بچے صحت کی موجود سہولتوں سے فائدہ نہیں اٹھا سکتے ۔

(جاری ہے)

صدرمملکت ممنون حسین نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں بچوں کی بیماریاں پھیلنے اور ان کی شرح اموات میں ا ضافے کی وجہ ماؤں اور اہل خانہ کی طبی اصولوں سے ناواقفیت بھی ہے اور یہی وجہ ہے کہ بہت سی بیماریاں وباؤں کی شکل اختیار کر کے قابو سے باہر ہو جاتی ہیں یہ امراض ایسے ہیں جن سے ابتدا میں ہی تھوڑی سی احتیاط کر کے بچا جا سکتا ہے اور آگہی مہمات چلا کر ہم یہ کام بہت احسن طریقے سے سرانجام دے سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری حکومتیں اور این جی اوز سمیت بعض ادارے اس کام سے غافل نہیں لیکن ضرورت اس امر کی ہے کہ معاشرے کے ذمہ دار ادارے اس سلسلے میں پیش رفت کریں تاکہ ہمارے پسماندہ علاقوں میں صحت عامہ کے اصولوں کے بارے میں عام آدمی کی معلومات میں خاطر خواہ اضافہ ہو سکے۔

متعلقہ عنوان :