فرگوسن میں مظاہرے جاری، مزید دو ہزار نیشنل گارڈز تعینات کردئیے گئے

جمعرات 27 نومبر 2014 08:44

فرگوسن(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔27نومبر۔2014ء)امریکی شہر فرگوسن کے مضافاتی علاقے سینٹ لوئس میں شدید عوامی مظاہروں کے تناظر میں مزید دو ہزار نیشنل گارڈز تعینات کر دئیے گئے ہیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یہ مظاہرے اس وقت شروع ہوئے جب ایک گرینڈ جیوری نے ٹھوس شواہد کی عدم موجودگی میں ایک سفید فام پولیس اہلکار پر ایک سیاہ فام نوجوان کے قتل کے الزام کے تحت کارروائی کے مطالبات کو رد کر دیا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ رواں برس اگست میں ایک سفید فام پولیس اہلکار کے ہاتھوں ایک غیرمسلح سیاہ فام نوجوان مائیکل براوٴن کی ہلاکت کے بعد مظاہرے شروع ہو گئے تھے۔ امریکی صدر باراک اوباما نے مظاہرین سے اپیل کی ہے کہ وہ تعمیری رویے کا مظاہرہ کریں۔ پیر کی شب سے جاری ان پرتشدد مظاہروں میں متعدد عمارات اور گاڑیوں کو آگ لگا دی گئی۔ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کا استعمال کیا جب کہ درجنوں افراد کو حراست میں بھی لیا گیا ہے۔