غیر ملکی سرمایہ کاروں اور کارکنوں کے خیر مقدم کیلئے سعودی حکومت کا پانچ سال کے لیے رہائشی اقامہ جاری کرنے کا اعلان،کارڈ کی مدت پانچ سال تک ہو گی، اقامہ کا بنیادی مقصد سعودی عرب میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل ہے ،میجر جنرل سلیمان الیحییٰ

جمعرات 27 نومبر 2014 08:46

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔27نومبر۔2014ء)غیر ملکی سرمایہ کاروں اور کارکنوں کے خیر مقدم کے لیے سعودی حکومت نے پانچ سال کے لیے رہائشی اقامہ جاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس پانچ سالہ اقامہ کا بنیادی مقصد سعودی عرب میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل ہے۔اس سلسلے میں حکام نے پانچ سالہ اقامہ کے مجموعی طور پر تین نکات بیان کیے ہیں۔ اولاً غیر ملکی سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی، ثانیاً غیر ملکی کارکنوں کو ذہنی طور پر آسودہ رکھنا اور ثالثا ان ترقیاتی منصوبوں سے منسلک کارکنوں کے بچوں کی تعلیم میں تسلسل کو یقینی بنانا۔

عرب ٹی وی کے مطابق ارم گروپ کے سی ایم ڈی صدیق احمد نے پاسپورٹ ڈیپارٹمنٹ کے اس فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے اور کہا ہے اقامہ کو ایک سال سے پانچ سال تک وسعت دینا خوش آئند ہے۔

(جاری ہے)

پاسپورٹ ڈیپارٹمنٹ کے ڈی جی میجر جنرل سلیمان الیحییٰ نے اس بارے میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا '' ہم نے یہ بھی فیصلہ کیا ہے کہ اقامہ کا نام تبدیل کر کے رہائشی شناختی کارڈ رکھا جائے گا اور اس کی مدت پانچ سال تک کے لیے ہو گی۔

ایک سوال پر انہوں نے بتایا کہ ''سعودی پاسپورٹ کی تجدید ہر دس سال کے بعد کرنے پر بھِی غور کیا جارہا ہے''۔ تاہم فی الحال حکام نے یہ نہیں بتایا کہ پانچ سال کے لیے رہائشی شناختی کارڈ کب سے جاری کیا جائے گا۔ایک باخبر ذریعے کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے وزیر داخلہ شہزادہ محمد بن نایف کی منطوری کا انتظار کرنا ہو گا، ان کی طرف سے منظوری کے بعد ہی پانچ سال کے لیے رہائشی شناختی کارڈ جاری ہو سکیں گے۔

متعلقہ عنوان :