خلیجی ممالک: غیر ملکی کارکنوں کے بہتر حالات کار پر اتفاق،کویت میں خلیجی وزرائے محنت کے اجلاس کے دوران اہم فیصلے

جمعرات 27 نومبر 2014 08:44

کویت سٹی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔27نومبر۔2014ء)خلیجی ممالک کے وزرائے محنت نے مقامی سطح پر کام کر نے والے کارکنوں کے حالات کار بہتر کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ اس فیصلے کا فائدہ گھروں میں کام کرنے والی 24 لاکھ خواتین کو بھی ہو گا۔عرب ٹی وی کے مطابق یہ تحریک خلیجی ممالک کے وزرائے محنت کے کویت میں ہونے والے مشترکہ اجلاس میں پیش کی گئی تھی۔ جس میں خلیجی ممالک میں کام کرنے والے دو کروڑ تیس لاکھ کارکنوں کے بارے میں امور زیر بحث تھے۔

ان غیر ملکی کارکنوں میں غیر ہنر مند کارکنوں کی بھی بڑی تعداد شامل ہے۔کویت میں افرادی قوت اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل جمال الدوساری اس فیصلے کے مطابق کارکنوں کو ہفتہ وار چھٹی اور سالانہ تعطیلات بھی لازماً ملیں گی۔ اس سلسلے میں بعض ملکوں کے وزراء نے کہا ان کے ہاں پہلے سے کارکنوں کو اس سے بھی بہتر حالات کار فراہم کیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

تازہ فیصلے کے مطابق غیر ملکی کارکنوں کی معاونت کرنے والے مقامی افراد کو اوور ٹائم کے کھاتے میں دو اضافی گھنٹوں کا معاوضہ ملے گا۔

نیز آجر کو غیر ملکی کارکنوں کے پاسپورٹ ضبط کرنے کا حق نہیں ہو گا۔واضح رہے اجلاس میں ان ایشیائی ملکوں کے نمائندے بھی موجود تھے جن سے عرب ملکوں کو عام طور کارکن دستیاب ہوتے ہیں۔ ان ممالک میں بھارت، سری لنکا ، فلپائن اور پاکستان بطور خاص شامل ہیں۔ان عرب ممالک میں سعودی عرب وہ ملک ہے جس نے پہلے ہی کئی اقدامات کا فیصلہ کر رکھا ہے، تاکہ غیر ملکی کارکن زیادہ اعتماد اور اطمینان کے ساتھ کام کر سکیں۔سعودی عرب نے اسی ہفتے کے دوران غیر ملکی کارکنوں کے لیے پانچ سال تک کے لیے اقامہ یعنی رہائشی شناختی کارڈ جاری کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔