شامی طیاروں کی الرقہ میں داعش پر بمباری،70 افراد ہلاک

جمعرات 27 نومبر 2014 08:40

دمشق(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔27نومبر۔2014ء)شام کے شہر الرقہ میں صدر بشارالاسد کی فوج کے جنگی طیاروں نے سخت گیر جنگجو گروپ داعش کے ٹھکانوں پر شدید بمباری کی ہے جس کے نتیجے میں کم سے کم ستر افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔برطانیہ میں قائم شامی آبزرویٹری برائے انسانی حقوق کے ڈائریکٹر رامی عبدالرحمان نے بتایا ہے کہ شامی فوج کے کم سے کم دس طیاروں نے الرقہ میں مختلف مقامات پر دس حملے کیے ہیں۔

الرقہ پر داعش کا اگست سے مکمل کنٹرول ہے اور یہ شام میں ان کا ایک طرح کا دارالحکومت ہے۔انھوں نے مزید بتایا ہے کہ شامی طیاروں نے زیادہ تر فضائی حملے شہر کے مشرقی حصے میں کیے ہیں۔بمباری میں تریسٹھ افراد مارے گئے ہیں۔ان میں 36عام شہری ہیں اور دوسرے مہلوکین کے بارے میں بھی یہ بات یقینی نہیں ہے کہ وہ تمام جنگجو ہیں یا ان میں بھی شہری شامل ہیں۔

(جاری ہے)

شامی حکومت نے الرقہ پر اس فضائی حملے کے حوالے سے فوری طور پر کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے۔ ادھر امر یکی خبر رسا ں ادارے نے شام کی مقامی رابطہ کمیٹیوں کے حوالے سے اطلاع دی ہے کہ فضائی بمباری میں کم سے کم ستر افراد ہلاک ہوئے ہیں۔الرقہ سے تعلق رکھنے والی ایک اور غیر سرکاری تنظیم نے ہلاکتوں کی تعداد اسّی بتائی ہے۔تاہم آزاد ذرائع سے ان ہلاکتوں کی تصدیق ممکن نہیں ہے۔

داعش کے ایک جنگجو نے شامی فوج کے الرقہ پر فضائی حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان میں ستر افراد مارے گئے ہیں۔واضح رہے کہ امریکا کی قیادت میں بعض عرب اور مغربی ممالک کے جنگی طیارے بھی ستمبر سے شام میں داعش کے ٹھکانوں پر فضائی حملے کررہے ہیں۔اس کے بعد سے شامی فضائیہ نے بھی داعش کے زیر قبضہ علاقوں پر فضائی حملے تیز کردیے ہیں۔

متعلقہ عنوان :