یورپی پارلیمان میں ینکر کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد ناکام

جمعہ 28 نومبر 2014 09:05

بریسلز(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔28نومبر۔2014ء) یورپی ارکانِ پارلیمان کی اکثریت نے یورپی کمیشن کے صدر ڑاں کلود ینکر کے خلاف پیش کی جانے والی عدم اعتماد کی تحریک مسترد کر دی۔ عدم اعتماد کی اس تحریک کے درپردہ ینکر کے آبائی ملک لکسمبرگ میں ان کی وزارت عظمیٰ کے دور میں متعدد کمپنیوں کو ٹیکس سے بچنے میں مدد دینے کا اسکینڈل تھا۔ ’لکس لیکس‘ کے نام سے سامنے آنے والے اس تنازعے میں ینکر پر الزام عائد کیا گیا تھا کہ لکسمبرگ میں اپنی وزارت عظمیٰ کے دور میں انہوں نے 340 بڑی بڑی کمپنیوں کو کئی بلین یورو ٹیکس بچانے میں مدد فراہم کی تھی۔

خیال رہے کہ ینکر اور یورپی کمشنرز کی 27 رکنی ٹیم نے یکم نومبر کو ہی اپنے اپنے عہدے سنبھالے ہیں۔ اس تحریک کی کامیابی کے لیے پارلیمانی ارکان کی دو تہائی اکثریت درکار تھی۔

(جاری ہے)

تفتیشی صحافیوں کی ایک ٹیم نے اپنی ایک رپورٹ میں یہ الزام عائد کیا تھا کہ ینکر نے سینکڑوں ملٹی نیشنل کمپنیوں کی ٹیکس بچانے میں مدد کی۔ یورپی کمیشن کے سربراہ کے عہدے پر فائز ہونے ینکر کی ذمہ داریوں میں یہ بھی شامل ہے کہ وہ یورپی یونین کی رکن ریاستوں میں یورپی قوانین کا نفاذ یقینی بنائیں اور اسی وجہ سے اس تنازعے کی شدت میں بھی اضافہ ہوا تھا۔

ینکر پر اعتراضات کے باوجود پارلیمان نے ان کی حمایت میں ووٹ دیا۔یورپی یونین کی ناقد اور انتہائی دائیں بازو کی جماعتوں کی جانب سے یورپی پارلیمان میں یہ تحریک پیش کی گئی تھی۔ ان کا موقف تھا کہ وہ لکسمبرگ میں رائج ٹیکسوں کی پالیسیوں کی ذمہ داری براہ راست ینکر پر عائد کرتے ہیں، جن کی وجہ سے درجنوں کمپنیوں نے اربوں ڈالر ٹیکس بچایا۔تاہم جمعرات کے روز ہونے والی اس ووٹنگ میں 751 رکنی یورپی پارلیمان میں اس تحریک کے حق میں صرف 101 ووٹ پڑے جب کہ تحریک کی مخالفت میں 461 ووٹ ڈالے گئے ۔