راولپنڈی ، سول نافرمانی پر عمل کے باعث اعجاز خان جازی کے دفتر اور گھر کی بجلی کٹ گئی،رکن پنجاب اسمبلی کے مطابق یہ اقدام 30 نومبر کے جلسے کے سلسلے میں بھرپور سرگرمیوں کی وجہ سے اٹھایا گیا

جمعہ 28 نومبر 2014 08:54

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔28نومبر۔2014ء) سول نافرمانی تحریک پر عمل کرنے کے باعث پاکستان تحریک انصاف راولپنڈی کے ضلعی صدر اور رکن پنجاب اسمبلی اعجاز خان جازی کے دفتر اور گھر کی بجلی کٹ گئی۔ اعجاز خان جازی کے مطابق یہ اقدام 30 نومبر کے جلسے کے سلسلے میں بھرپور سرگرمیوں کی وجہ سے اٹھایا گیا ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ تحریک انصاف کے رکن پنجاب اسمبلی اور ضلعی صدر اعجاز خان جازی سول نافرمانی تحریک کی وجہ سے متاثر ہونیوالے پی ٹی آئی کے دوسرے رہنما ہیں۔

(جاری ہے)

اس سے قبل چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے گھر کا بجلی کنکشن بھی بل کی عدم ادائیگی پر منقطع کر دیا گیا تھا۔ اعجاز خان جازی نے گھر اور دفتر کی بجلی کاٹنے کے اقدام کو سیاسی مخاصمت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت 30 نومبر کے جلسے کی وجہ سے بوکھلاہٹ کا شکار ہو کر اس طرح کے ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے اور کارکنوں کو ہراساں کیا جا رہا ہے جبکہ دوسری طرف بجلی کے بڑے بڑے نادہندگان پر کوئی ہاتھ نہیں ڈالتا۔ انہوں نے کہا کہ 30 نومبر کو اسلام آباد میں ہر صورت جلسہ ہو گا۔ حکومت جو مرضی کر لے کارکنوں کے حوصلے پست نہیں ہونگے۔