فلپ ہیوز کی موت پر آسٹریلیاغم میں ڈوب گیا،ملک کی اہم عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں رہا۔ وزیراعظم ٹونی ایبٹ سمیت آسٹریلوی کھلاڑیوں نے ہیوز کی ہلاکت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا

جمعہ 28 نومبر 2014 08:49

سڈنی( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔28نومبر۔2014ء) آسٹریلوی وزیراعظم ٹونی ایبٹ نے کھیل کے دوران فلپ ہیوز کی موت پر سوگوار خاندان سے تعزیت کا اظہار کیا۔ آسٹریلوی ٹیم کے کپتان مائیکل کلارک نے غمزدہ خاندان کی جانب سے نمائندگی کرتے ہوئے پریس کانفرنس کی۔ اْن کا کہنا تھا کہ فلپ ہیوز کے اہلخانہ نے غم کی اِس گھڑی میں دکھ بانٹنے والوں اور ہسپتال انتظامیہ کی کاوشوں کا شکریہ ادا کیا ہے۔

کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو جیمز سودر لینڈ نے ہیوز کو ابھرتے ہوئے کرکٹرز کا ہیرو قرار دیا۔ ساوٴتھ آسٹریلین کرکٹ ایسوسی ایشن کے چیف ایگزیکٹو کیتھ براڈ شاہ کا کہنا تھا کہ ہیوز کی موت دنیائے کرکٹ کیلئے افسوسناک دن ہے۔ رکی پونٹنگ، مائیکل ہولڈنگ، بریٹ لی، گلین میگرا، اے بی ڈویلیرز، سچن ٹنڈولکر، برائن لارا، کرس گیل اور مہیلا جے وردھنے سمیت دنیائے کرکٹ کے عظیم کھلاڑیوں نے ٹویٹر پر فلپ ہیوز کی موت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا ہے کہ فلپ ہیوز بہادر بلے باز تھے۔ ادھر آئی سی سی نے بھی فلپ کی موت پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔ 25 سالہ آسٹریلوی اوپنر فلپ ہیوز نے 2007 میں فرسٹ کلاس کرکٹ سے کیریئر کا آغاز کیا۔ 114 فرسٹ کلاس میچوں میں اپنی شاندار کارکردگی دکھا کر انہوں نے آسٹریلوی ٹیم میں جگہ بنائی۔ فلپ ہیوز نے 2009ء میں جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ ڈیبو کیا۔ 26 ٹیسٹ میچوں میں 3 سنچریوں اور 7 نصف سنچریوں کی مدد سے 1535 بنائے۔ ہیوز نے 25 ایک روزہ میچوں میں آسٹریلیا کی نمائندگی کرتے ہوئے 826 رنز جوڑے۔ ون ڈے میچوں میں 2 سنچریاں اور 4 نصف سنچریاں بنائیں۔ ان کا بہترین سکور 138 تھا۔ فلپ ہیوز نے واحد ٹی 20 میچ رواں سال اکتوبر میں پاکستان کے خلاف کھیلا تھا۔

متعلقہ عنوان :