ملک ریاض نے الطاف بھائی کے نام پر کراچی اور حیدر آباد میں 2یونیورسٹیاں بنانے کا اعلان کردیا ،گورنر سندھ سے ملاقات میں پاکستان ہاکی فیڈریشن کے لیے 50لاکھ ، ٹیم کیلئے ایک کروڑ ، ایم کیو ایم کے شہداء کے ورثاء کو پلاٹ بھی دینگے ، ملک ریاض

جمعہ 28 نومبر 2014 09:00

کراچی( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔28نومبر۔2014ء ) بحریہ ٹاؤن کے سربراہ ملک ریاض نے الطاف حسین کے نام پر کراچی اور حیدر آباد میں دو یونیورسٹیاں بنانے کا اعلان کردیا ، بحریہ ٹاؤن ہسپتال زیر تعمیر ہے ایک سال میں مکمل ہوگا تمام مریضوں کا مفت علاج کیاجائے گا ۔ کراچی میں گورنرسندھ ڈاکٹر عشرت العباد سے چیئرمین بحریہ ٹاؤن ملک ریاض نے ملاقات کی ۔

ملاقات کے بعد عشرت العباد کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ملک ریاض نے کہا کہ بحریہ ٹاؤن کراچی میں ملک کی سب سے بڑی مسجد پر کام شروع کردیا گیا ہے اس مسجد میں آٹھ لاکھ نمازی بیک وقت نماز ادا کرسکیں گے ہم لاہور میں دنیا کی ساتویں مسجد تعمیر کرچکے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بحریہ ٹاؤن کراچی اور حیدر آباد میں دو یونیورسٹیاں قائم کرے گا ان یونیورسٹیوں کی فیس سرکاری یونیورسٹیوں سے بھی کم ہوگی یہ دونوں یونیورسٹیاں ایم کیو ایم کے قائد الطاف بھائی کے نام پر ہوں گی کراچی کی یونیورسٹی پر کام اسی سال شروع ہوگا یونیورسٹی میں کم از کم ایک سال لگ جائے گا انہوں نے کہا کہ کراچی میں بحریہ ٹاؤن ہسپتال زیر تعمیر ہے بحریہ ٹاؤن کے ہسپتال میں تمام مریضوں کا علاج مفت ہوگا ملک ریاض نے کہا کہ ایم کیو ایم کے شہداء کو بحریہ ٹاؤن کراچی میں پلاٹ دیاجائے گا اور پلاٹ شہداء کے لواحقین کو دینگے ان کا مزید کہنا تھا کہ گورنر سندھ نے پاکستان ہاکی ٹیم سے تعارف کرایا ہے انہوں نے ہاکی فیڈریشن کیلئے پچاس لاکھ روپے دینے اور چیمپئنز ٹرافی جیتنے پر ہاکی ٹیم کیلئے ایک کروڑ روپے دینے کا اعلان کیا ہے ۔