عمران خان نے بدتمیزی میں پی ایچ ڈی کی ہوئی ہے،شرجیل میمن،اگر جھوٹ بولنے کا کوئی آسکر ایوارڈ ہوتا تو وہ عمران خان کو ضرور ملتا، ان کو کھلا چیلنج دیتا ہوں وہ پیپلز پارٹی کی دھاندلی ثابت کریں،پاکستانی قوم نے سول نافرمانی ، منی لانڈرنگ کے احکامات سمیت بل اور ٹیکس نہ دینے کے احکامات کو مسترد کردیا ہے ،صوبائی وزیر سندھ

جمعہ 28 نومبر 2014 08:51

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔28نومبر۔2014ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات اور سندھ کے وزیر اطلاعات و بلدیات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے بدتمیزی میں پی ایچ ڈی کی ہوئی ہے۔اگر جھوٹ بولنے کا کوئی آسکر ایوارڈ اس دنیا میں ہوتا تو وہ عمران خان کو ضرور ملتا۔عمران خان کو کھلا چیلنج دیتا ہوں کہ وہ پیپلز پارٹی کی دھاندلی کو ثابت کریں۔

پاکستانی قوم نے عمران خان کی سول نافرمانی کی تحریک، منی لانڈرنگ کرنے کے احکامات سمیت بل اور ٹیکس نہ دینے کے احکامات کو مسترد کردیا ہے ۔ جمعرات کو شب جاری اپنے ایک بیان میں شرجیل انعام میمن نے کہا کہ عمران خان غیر مہذب زبان اور بدتمیزی کے ذریعے جھوٹ کو سچ ثابت کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جب دلائل ختم ہوجاتے ہیں تو عمران خان غیر اخلاقی زبان کا استعمال شروع کردیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے بدتمیزی میں پی ایچ ڈی کی ہوئی ہے اور اگردنیا میں جھوٹ بولنے کا کوئی آسکر ایوارڈ ہوتا تو انہیں یہ ضرور ملتا۔ شرجیل انعام میمن نے عمران خان کی جانب سے انتخابات میں پیپلز پارٹی کی جانب سے دھاندلی کئے جانے کے الزام کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اگر عمران خان سمجھتے ہیں کہ پیپلز پارٹی نے سندھ میں کوئی دھاندلی کی ہے تو وہ اسے کسی میں عدالت میں جاکر ثابت کریں۔

انہوں نے عمران خان کو کھلا چیلنج دیتے ہوئے کہا کہ وہ پیپلز پارٹی کی دھاندلی کو ثابت کریں۔ شرجیل میمن نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ ہمیشہ پیپلز پارٹی کے خلاف انتخابات میں دھاندلی کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان ماڈرن طالبان ہیں اور وہ زبردستی اپنی بات منوانا چاہتے ہیں۔ شرجیل میمن نے مزید کہا کہ عمران خان پیپلز پارٹی کی قیادت کے خلاف بے ہودہ زبان کا استعمال فوری طور پر بند کریں۔ اور وہ جیالوں کے صبر کا مزیدامتحان نہ لیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم نے عمران خان کی سول نافرمانی کی تحریک، منی لانڈرنگ کرنے کے احکامات سمیت بل اور ٹیکس نہ دینے کے احکامات کو مسترد کردیا ہے۔