بھارت : دھند سے ٹریفک کی روانی متاثر، لوگوں کو سفر میں شدید مشکلات کا سامنا،نئی دہلی کے ایئرپورٹ کے رن وے پر حدِ نگاہ 50 میٹر سے نیچے گر گئی،36 فلائٹیں منسوخ، شدید دھند کی وجہ سے متعدد افراد کے ہلاک ہونے کی بھی اطلاعات

منگل 23 دسمبر 2014 08:20

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔23دسمبر۔2014ء)بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی اور شمالی علاقوں کو شدید دھند نے اپنی گرفت میں لے رکھا ہے جس سے لوگوں کو سفر میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔نئی دہلی کے ایئرپورٹ کے رن وے پر حدِ نگاہ 50 میٹر سے نیچے گر گئی ہے اور اطلاعات کے مطابق کم سے کم 36 فلائٹیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق بھارت میں شدید دھند کے باعث پیر کو درجنوں ٹرینیں منسوخ یا موخر کر دی گئیں۔

(جاری ہے)

شمالی بھارت میں موسم سرما میں شدید دھند سے ٹریفک کی روانی معمول بنتی جا رہی ہے۔شدید دھند کی وجہ سے متعدد افراد کے ہلاک ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔اطلاعات کے مطابق دہلی اور اترپردیش میں گزشتہ روزدو مختلف واقعات میں سات افراد ہلاک ہو گئے۔ اترپردیش میں مرنے والوں میں ایک ہی خاندان کے چار بچے بھی شامل تھے۔اطلاعات کے مطابق ان کی موت مونو آکسائڈ کی وجہ سے ہوئی ہے جو کوئلے کے جلانے سے پیدا ہوئی تھی اور یہ کوئلے کمرے کو گرم رکھنے کے لیے جلائے گئے تھے۔بھارت کے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کے شمالی علاقوں پنجاب، ہریانہ، اترپردیش، مدھیہ پردیش اور راجستھان شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں۔

متعلقہ عنوان :