نئی دلی میں مسلمان کو وحشیانہ تشدد کا نشانہ بناکر جان سے ہی مار دیا گیا،واقعے میں ملوث لوگوں کو فوری طورپرگرفتار کیا جائے، لواحقین کا مطالبہ

منگل 7 اپریل 2015 03:09

نئی دلی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔7 اپریل۔2015ء)بھارت میں موٹر سائیکل کی ٹکر لگنے پر کار میں سوار افراد نے مسلمان کو جان سے ہی مار دیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق نئی دہلی کے علاقے ترکمان گیٹ پر شاہنواز نامی شخص اپنے اہل خانہ کے ساتھ جارہا تھا کہ اس کی موٹر سائیکل ایک کار کو جالگی، جس پر گاڑی میں سوار افراد نے پہلے تو اسے تشدد کا نشانہ بنایا اور جب انہیں یہ معلوم ہوا کہ یہ شخص مسلمان ہے تو اسے اپنی بربریت کا نشانہ بناکر شدید زخمی حالت میں چھوڑ کر فرار ہوگئے۔

(جاری ہے)

شاہنواز کو وہاں موجود افراد نے اسپتال پہنچایا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔واقعے کے بعد شاہنواز کے لواحقین نے احتجاج کرتے ہوئے سڑک بلاک کردی ان کا مطالبہ تھا کہ واقعے کے ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے میں ملوث افراد کو سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے شناخت کرکے ان کی گرفتاری کے لئے اقدامات شروع کردیئے ہیں۔