ڈھاکا ٹیسٹ : یونس، اظہر کی شاندار سنچریاں پاکستان کی میچ میں گرفت مضبوط ،گرین شرٹس نے پہلے دن کھیل کے اختتام پر 323رنز بنا لئے ، ابتدائی2 وکٹیں جلد گرنے کے باوجود مڈل آرڈر آرڈر پلیئر کی شاندار بلے بازی ، یونس خان 3 چھکوں اور 11چوکوں کی مدد سے 148رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ، اظہر علی 127اور مصباح 9رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں ، بنگلہ دیش کی طرف سے محمد شاہد نے 2جبکہ تیج الاسلام نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا

جمعرات 7 مئی 2015 08:54

ڈھاکا(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔6 مئی۔2015ء) پاکستان نے یونس خان اور اظہر علی کی سنچریوں کی بدولت بنگلہ دیش کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن تین وکٹ کے نقصان پر 323 رنز بنا لیے۔ڈھاکا میں کھیلے جا رہے دوسرے ٹیسٹ میچ میں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت پر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔پاکستان نے میچ کے لیے ٹیم میں ایک تبدیلی کرتے ہوئے اسپنر ذوالفقار بابر کی جگہ فاسٹ باوٴلر عمران خان کو موقع فراہم کیا ہے۔

ٹاس جیت کر باوٴلنگ کا فیصلہ بنگلہ دیش کیلئے اچھا ثابت ہوا لیکن انہیں ابتدا میں بھاری نقصان بھی اٹھانا پڑا۔میچ کی دوسری ہی گیند کرانے کے بعد بنگلہ دیشی فاسٹ باوٴلر شہادت حسین گھٹنہ مڑنے سے زخمی ہو کر پورے میچ سے باہر ہو گئے۔9 کے مجموعی اسکور پر گزشتہ میچ میں ڈبل سنچری بنانے والے محمد حفیظ پویلین لوٹ گئے۔

(جاری ہے)

اس کے بعد اظہر علی اور نوجوان سمیع اسلم نے اسکور کو 58 تک پہنچایا لیکن سمیع 19 رنز بنانے کے بعد تیج الاسلام کی گیند پر کیچ ہوئے۔

اس کے بعد اظہر علی کو کریز پر تجربہ کار یونس خان نے جوائن کیا اور دونوں کھلاڑیوں نے بتدریج اسکور کو آگے بڑھانا شروع کیا۔اس دوران اظہر کافی خوش قسمت بھی رہے کیونکہ بنگلہ دیشی فیلڈرز نے ان کئی کیچز لینے میں ناکام رہے۔اس دوران دونوں کھلاڑیوں نے اپنی اپنی سنچری مکمل کی جبکہ اظہر نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنے تین ہزار رنز بھی مکمل کر لیے۔دونوں کھلاڑیوں کے درمیان تیسری وکٹ کے لیے 250 رنز کی شاندار شراکت قائم ہوئی جس کے بعد یونس 148 رنز کی اننگ کھیلنے کے بعد پویلین لوٹے، انہوں نے تین چھکے اور گیارہ چوکے لگائے۔

جب پہلے دن کا کھیل ختم ہوا تو پاکستان نے تین وکٹ پر 323 رنز بنائے تھے، اظہر 127 اور مصباح نو رنز پر کھیل رہے ہیں۔واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ بغیر کسی نتیجے کے ڈرا ہو گیا۔

متعلقہ عنوان :