افغانستان ، خاتون کی ہلاکت پر چار افرادکو سزائے موت سنادی گئی، ہلاک کی جانے والی فرخندہ پر قرآن پاک نذر آتش کرنے کا الزام لگایا گیا تھا، مقدمے کی سماعت کو براہ راست ٹی وی پر نشر کیا گیا

جمعرات 7 مئی 2015 08:52

کابل ( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔6 مئی۔2015ء )افغانستان کے دارالحکومت کابل کی ایک عدالت نے ایک 28 سالہ خاتون کو مار مار کر ہلاک کرنے کے جرم میں چار افراد کو سزائے موت سنا دی ہے۔رواں برس 19 مارچ کو کابل میں ہلاک کی جانے والی فرخندہ پر قرآن نذر آتش کرنے کا الزام لگایا گیا تھا اگرچہ گواہوں کا کہنا ہے کہ انھوں نے ایسا نہیں کیا تھا۔اس الزام کے بعد ایک ہجوم نے انھیں سرِعام مار مار کر ہلاک کر دیا تھا اور ان کی لاش نذرِ آتش کر دی گئی تھی۔

جن چار افراد کو سزائے موت سنائی گئی ہے وہ ان 49 افراد میں شامل تھے جن پر الزام ہے کہ وہ خاتون کو ہلاک کرنے والے ہجوم میں شامل تھے۔ان 49 افراد میں 19 پولیس افسران بھی شامل ہیں جن پر الزام ہے کہ انھوں نے فرخندہ کو مشتعل ہجوم سے بچانے کی کوشش نہیں کی۔

(جاری ہے)

فرخندہ کی موت کے بعد عورتوں سے کیے جانے والے ناروا سلوک کے خلاف افغانستان بھر میں بڑے پیمانے پر مظاہرے ہوئے تھے۔

فرخندہ نے ایک مولوی کی جانب سے خواتین کو تعویز گنڈے بیچنے پر اس سے بحث کی تھی اور اسی بحث کے دوران اس پر قرآن جلانے کا الزام لگایا گیا تھا جس کی وجہ سے ہجوم نے اس پر حملہ کر دیا تھا۔عدالت میں مقدمے کی سماعت کے دوران کچھ ملزمان کے اعترافی بیان پڑھ کر سنائے گئے تھے جن میں انھوں نے اعتراف کیا کہ انہوں نے فرخندہ پر حملہ قرآن جلانے کے الزام کی وجہ سے کیا۔تاہم ایک سرکاری تفتیش کار کے مطابق ایسا کوئی ثبوت نہیں ملا جس سے ثابت ہو کہ فرخندہ نے قرآن کو جلایا ہو۔

متعلقہ عنوان :