نئی دہلی کے انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر تابکاری مواد کا اخراج

ہفتہ 30 مئی 2015 08:50

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔30 مئی۔2015ء) بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کے انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ترکی سے آنیوالی جوہری میڈیسن کی ایک کھیپ کو ایمرجنسی ٹیم کی جانب سے لیکج کو روکنے سے قبل تابکاری مواد کا اخراج ہوا ہے ، یہ بات حکام نے کہی ۔قومی ڈیزاسٹرریسپانس فورس کے ایک اہلکار نے فرانسیسی خبررساں ادارے کو بتایا کہ واقعہ ترکش ایئرلائن کے کارگو ایریا کے نزدیک پیش آیا جہاں جوہری ادویات پر مشتمل چار کارٹنز برآمد ہوئے جنہیں نقصان پہنچا تھا ، اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر مزید بتایا کہ صورتحال قابو میں ہے ، ہماری ٹیمیں جائے وقوعہ پر موجود ہیں،پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے ۔

ایٹمی توانائی ماہرین جائے وقوعہ کی طرف روانہ ہیں اور صورتحال کا جائزہ لیا جارہا ہے ، اس سامان کو علیحدہ کردیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

بھارت کے وزیرداخلہ راجناتھ سنگھ نے اندراگاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر واقعہ کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ لیکج کو روک دیا گیا ہے۔این ڈی ٹی وی نیٹ ورک کی رپورٹ کے مطابق دو کارگو ورکرز جنہوں نے لیکج کی رپورٹ دی تھی ، کو حفاظتی چیک اپ کے لئے ہسپتال داخل کرا دیا گیا ہے ،یہ سازو سامان بھارتی دارالحکومت میں ایک نجی ہسپتال کو پہنچایا جانا تھا۔

2010ء میں دہلی میں ایک سکریپ ورکر تابکاری زہر سے ہلاک اورسات دیگر زخمی ہو گئے تھے جس کے بعد بھارت میں تابکاری سامان سے نمٹنے کے معاملے پر خدشات بڑھ گئے تھے ۔ ماحولیاتی گروپ ٹاکسزلنک کے اندازوں کے مطابق بھارت ہر سال پانچ ملین ٹن زہریلا صنعتی مواد پیدا کرتا ہے اور ہر روز پانچ ہزار ٹن سکریپ میٹل درآمد کرتا ہے۔

متعلقہ عنوان :