الیکشن کمیشن کا نوشہرہ میں خواتین کو بلدیاتی انتخابات میں ووٹ ڈالنے سے روکنے کا نوٹس، چیف سیکرٹری کو رپورٹ دینے کی ہدایت

ہفتہ 30 مئی 2015 08:39

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔30 مئی۔2015ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے نوشہرہ میں خواتین کو بلدیاتی انتخابات میں ووٹ ڈالنے سے روکے جانے کا نوٹس لیتے ہوئے چیف سیکرٹری کو رپورٹ دینے کی ہدایت کردی ہے ۔ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر ہنگو نے انتخابات میں خواتین کے ووٹ ڈالنے کی یقین دہانی کرادی ہے الیکشن کمیشن آف پاکستان نے نوشہرہ کے یونین کونسل بالو میں خواتین کو ووٹ ڈالنے سے روکنے بارے میں ہونے والے جرگے سے متعلق نوشہرہ کے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر کے خط کا نوٹس لیتے ہوئے چیف سیکرٹری خیبر پختونخواہ امجد علی خان کو ہدایت کی کہ وہ معاملے کا خود جائزہ لیں اور خواتین کے ووٹ ڈالنے کو یقینی بنائیں ۔

(جاری ہے)

دوسری جانب ہنگو کے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران الیکشن کمیشن کے نوٹس کا جواب دیتے ہوئے بتایا کہ ہنگو میں خواتین کوووٹ ڈالنے سے روکنے بارے کوئی شکایات موصول نہیں ہوئی ہیں اور ہنگو کی تمام سیاسی جماعتوں اور بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں نے بھی خواتین کے ووٹ ڈالنے کی یقین دہانی کرائی ہے الیکشن کمیشن نے صوبہ بھر کے تمام اضلاع کے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کو ہدایت کی ہے کہ بلدیاتی انتخابات میں خواتین کو ووٹ ڈالنے سے روکنے کے کسی بھی شکایات یا معاہدے کا مطلب خواتین کے بنیادی حقوق سے روکنے کے مترادف ہے اور ایسے معاملات کو الیکشن کمیشن کے نوٹس میں لائیں ۔