سعودی عرب، یمن سے گولہ باری میں سرحدی محافظ ہلاک، سات زخمی

پیر 1 جون 2015 08:32

ریاض ( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔1 جون۔2015ء)سعودی وزارت داخلہ نے اتوار کو کہا ہے کہ یمن کی طرف سے گولہ باری کے نتیجے میں ایک سعودی سرحدی محافظ ہلاک اور سات د یگر زخمی ہوگئے،یہ سلطنت کی جنوبی سرحد کے ساتھ تازہ ترین جانی نقصان ہے۔سعودی عرب کی سرکاری خبررساں ایجنسی کی طرف سے جاری کئے جانے والے ایک بیان میں وزارت نے کہا کہ یہ حملہ ہفتے کو مقامی وقت کے مطابق ساڑھے6بجے(معیاری وقت1530) پر اس وقت کیا گیا جب ان کی گاڑی یمن کے ساتھ ملنے والی سرحد کے پار سے کی جانے والی گولہ باری کی زد میں آگئی۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ حملہ جذان علاقے کی ہرس میونسپلٹی میں کیا گیا جہاں اس سے قبل بھی خونین گولہ باری کی گئی ہے۔وزارت نے کہا ہے کہ فوج کے تعاون سے بارڈرگارڈ فورس نے صورتحال کا مقابلہ کیا۔

(جاری ہے)

تازہ ترین ہلاکتوں کے بعد ریاض کی قیادت میں اتحاد کے 26مارچ کو یمن میں باغیوں کے خلاف فضائی حملے شروع کئے جانے کے بعد سے اس سرحدی علاقے میں ہلاک ہونے والے فوجی اور سویلین کی تعداد کم از کم31ہوگئی ہے۔

اتحاد کے جنگی طیارے یمن میں حکومت نواز فورسز کی حمایت میں ایران کی حمایت یافتہ شیعہ حوثی باغیوں اور ان کے اتحادیوں کے خلاف بمباری کر رہے ہیں۔فضائی حملے کے نتیجے میں سرحد کے ساتھ باغیوں اور سعودی فوج کے درمیان خونین جھڑپیں ہوئی ہیں اور سرحد کے آر پار سے گولہ باری کی گئی ہے جو سعودی عرب کے رہائشی علاقوں پر آکر گرے ہیں۔اقوام متحدہ کے مطابق یمن کے اندر حکومت نواز اور حکومت مخالف فورسز کے درمیان کئی ہفتوں سے جاری لڑائی میں تقریباً2000افراد ہلاک اور 5لاکھ سے زائد بے گھر ہوگئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :