وزیراعلیٰ کے سینئر صحافیوں کے سوالات کے مدلل جواب ،دھرنوں میں آپ نے ہمیں بھلا دیا تھا،وزیراعلیٰ کے برجستہ جواب پر محفل کشت زعفران بن گئی

منگل 2 جون 2015 09:04

اسلام آباد، لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔2 جون۔2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے سینئر اینکر پرسنز ،کالم نگاروں ، صحافیوں اور دانشوروں کے سوالات کے جواب انتہائی مدلل انداز میں دئیے-ایک سینئر صحافی کی جانب سے وزیراعلیٰ سے پوچھا گیا کہ میٹروبس پراجیکٹ کے حوالے سے عرصہ کے بعد آپ سے ملاقات ہور رہی ہے جس پر وزیراعلیٰ نے برجستہ کہاکہ گزشتہ برس 6ماہ تک دھرنے دئیے جاتے رہے اور صحافیوں نے ہمیں بھلا دیا تھا او ریہ دوسری طرف چلے گئے تھے،جس پر محفل کشت زعفران بن گئی-ایک اور سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ نے بتایا کہ راولپنڈی اسلام آباد میٹروبس پراجیکٹ جیسے منصوبے امیر اور غریب کے درمیان فرق کم کرنے کی مخلصانہ کوشش ہے اور وہ لاوا جو کم وسیلہ طبقات میں پک رہاہے یہ منصوبہ اس کا شافی علاج ہے کیونکہ باکفایت ، آرام دہ او رتیز رفتار سفری سہولتوں پر حق عام آدمی کا بھی اتنا ہے جتنا اشرافیہ کا -ایک سینئر صحافی کی جانب سے سوال کیا گیاکہ اس طرح کے منصوبے دیگر صوبوں میں بھی لگنے چاہیے اور اگروہ آپ کی خدمات مستعار لینا چاہئیں تو آپ تیار ہیں ؟جس پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ مجھے خوشی ہوگی کہ میں دیگر صوبوں کی بھی خدمت کروں کیونکہ ہمارا کام ہی خدمت کرناہے-چین کے دوروں کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ نے کہاکہ سابق وفاقی حکومت کے دور میں مجھے بھی ایک بار چین ساتھ نہیں لے جایا گیا لیکن موجودہ حکومت نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ پرویز خٹک اور وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کو چین کے دورے پر لے جانے کے لئے ایک سے زائد مرتبہ دعوت دی لیکن شاید وہ اپنی مصروفیات کی وجہ سے ساتھ نہیں جا سکے جبکہ بلوچستان کے وزیراعلیٰ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ ایک سے زیادہ مرتبہ چین گئے ہیں اور پاک چائنہ اکنامک کوریڈور میں پنجاب کے ساتھ دیگر صوبوں کے بھی اربوں ڈالر کے منصوبے منظور ہوئے ہیں،پنجاب کے لئے ساڑھے 4ارب ڈالر جبکہ سندھ کے لئے 10ارب ڈالر کے منصوبے منظور کئے گئے ہیں او رہمیں خوشی ہے کہ یہ کسی ایک صوبے کے منصوبے نہیں بلکہ پاکستان کے منصوبے ہیں اور میں ایک پاکستانی کے طو رپر کام کررہاہوں-