اب کسی نے ترقی کے سفر میں رکاوٹیں پیدا کیں تو قوم خودان کا محاسبہ کرے گی،شہبازشریف ،راولپنڈی اسلام آباد میٹروبس پراجیکٹ پاکستان کا قومی منصوبہ ہے ،وزیراعظم جلد افتتاح کریں گے ،قوم کسی کو اب پاکستان کا نقصان نہیں کرنے دے گی،غریب قوم کے خون پسینے کی کمائی کو غارت کرنے والوں سے حساب عوام خود لیں گے،دھرنوں نے نہ صرف میٹروبس پراجیکٹ بلکہ ملک و قوم کا بے پناہ نقصان کیا ،رکاوٹوں کے باجود منصوبے کو ریکارڈ مدت میں مکمل کیا گیاہے ،میٹرو بس پراجیکٹ عالمی معیار کی سہولتوں پر مبنی عوامی بہبود کا شاندار قومی منصوبہ ہے،وزیراعلیٰ کا اسلام آباد میں سینئر اینکر پرسنز ،صحافیوں اور کالم نگاروں سے خطاب

منگل 2 جون 2015 08:56

اسلام آباد، لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔2 جون۔2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ راولپنڈی اسلام آباد میٹروبس پراجیکٹ کو تمام تر رکاوٹوں کے باوجود ریکارڈ مدت میں مکمل کیا گیاہے اور یہ منصوبہ جڑواں شہروں کا نہیں بلکہ پاکستان کاقومی منصوبہ ہے-منصوبے کو انتہائی شفاف طریقے سے اعلیٰ معیار کے ساتھ برق رفتاری سے مکمل کیاگیاہے-راولپنڈی اسلام آباد میٹروبس پراجیکٹ لاہور کے میٹرو منصوبے سے زیادہ خوبصورت اور شاندار منصوبہ ہے -23کلو میٹر طویل یہ منصوبہ 24سٹیشنز پر مشتمل ہے- جس میں ایلیویٹرز، ایکسیلیٹرز کی تنصیب کے علاوہ ای ٹکٹنگ کا نظام بھی موجود ہے-وزیراعظم محمد نوازشریف آئندہ چند روز میں اس منصوبے کا باقاعدہ افتتاح کریں گے-افتتاحی تقریب میں سیاسی جماعتوں کے قائدین، گورنرز، وزرائے اعلیٰ اورسیاستدانوں کو شرکت کی دعوت دی جائے گی-عوام نے 2013میں اپنی خدمت کے لئے مسلم لیگ (ن) کو جو مینڈیٹ دیاتھا میٹروبس منصوبہ اس کا مظہر ہے اوریہ اس خواب کی تعبیر ہے جو قائد  اورا قبال  نے دیکھا تھا-دھرنوں نے نہ صرف میٹروبس پراجیکٹ بلکہ ملک وقوم کا بے پناہ نقصان کیا -شرارتی عناصر نہیں چاہتے کہ پاکستان دوبارہ ترقی کے راستے پر گامزن ہو- لیکن میں ان عناصر پر واضح کردینا چاہتا ہوں کہ اگر اب کسی نے ترقی کے سفر میں رکاوٹیں پیدا کیں تو قوم خودان کا محاسبہ کرے گی اور کسی کو پاکستان کا نقصان نہیں کرنے دے گی-غریب قوم کے خون پسینے کی کمائی کو اب غارت کرنے والوں سے حساب عوام خود لیں گے- عوام نے ہمیں اپنی خدمت کی ذمہ داری دی ہے جسے نبھانے کی پوری کوشش کر رہے ہیں- انہوں نے ان خیالات کا اظہار پیر کے روز اسلام آباد میں پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا سے تعلق رکھنے والے اینکر پرسنز , کالم نگاروں , ایڈیٹرز اور سنیئر رپورٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے کیا-وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید, میٹرو بس عملدرآمد کمیٹی کے چیئرمین محمد حنیف عباسی, پراجیکٹ ڈائریکٹر کمشنر راولپنڈی زاہد سعید, چیئرمین سی ڈی اے معروف افضل, سیکرٹری اطلاعات و ثقافت پنجاب مومن آغا, راجہ حنیف ایڈوکیٹ ایم پی اے اور ضیا ء اللہ شاہ سمیت میٹرو بس پراجیکٹ سے منسلک سنیئر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے- وزیر اعلیٰ نے کہاکہ راولپنڈی اسلام آباد میٹروبس پراجیکٹ عام آدمی کو بہترین سفری سہولتیں فراہم کرنے میں کلیدی کردار ادا کرے گا- میٹرو بس پراجیکٹ عالمی معیار کی سہولتوں پر مبنی عوامی بہبود کا شاندار قومی منصوبہ ہے جس سے اسلام آباد اور راولپنڈی کے ڈیڑھ لاکھ سے زائد شہری روزانہ مستفید ہوں گے۔

(جاری ہے)

اشرافیہ اور امیر طبقہ بڑی بڑی ایئر کنڈیشنڈ گاڑیوں میں سفر کرتا ہے ،لیکن مڈل کلاس کے ڈاکٹرز ، وکلاء, سرکاری و نجی اداروں کے افسران وملازمین , عام شہری اور غریب آدمی میٹرو بس منصوبے کے ذریعے ائرکنڈیشنڈ معیاری بسوں میں اپنی منزلوں تک بروقت اور تیز رفتاری سے پہنچ سکیں گے- دہشت گردی اور لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیحات ہیں- لیکن عوام کے لئے سڑکوں, ہسپتالوں, تعلیمی اداروں اور دیگر چیزوں کی بھی ضرورت ہے جنہیں ساتھ ساتھ پورا کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے- پاک چائنہ اکنامک کوریڈور کے تحت 46ارب ڈالر کی سرمایہ کاری میں سے 33 ارب ڈالر بجلی کے منصوبوں پر لگیں گے اور یہ منصوبے صرف پنجاب میں نہیں بلکہ تمام صوبوں میں لگائے جائیں گے- دھرنوں کی منفی سیاست سے میٹرو بس منصوبہ چھ ماہ کی تاخیر کا شکار ہوا اور اس منفی سیاسست سے جہاں معیشت اور دیگر شعبوں کو نقصان پہنچا وہاں عوامی سہولت کے اس منصوبے میں بھی تاخیر ہوئی- میٹروبس جیسے ترقیاتی منصوبے عوامی مزاج کو خوشگوار بنانے میں گیم چینجر ثابت ہوں گے اور میٹرو بس منصوبے کی تکمیل کسی کی فتح یا شکست نہیں ہے بلکہ یہ عوامی خدمت کی اعلیٰ مثال ہے اور ہم ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد عوام کی طرف سے 2013 ء میں دیئے گئے بھر پور مینڈیٹ کی پاسداری اور ملکی وسائل عوام کی سہولت کیلئے خرچ کرنے کی پالیسی کے تحت کر رہے ہیں ۔

وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ میٹرو بس پراجیکٹ ریکارڈ مدت میں مکمل ہوا ہے اور راولپنڈی صدر سے پاک سیکرٹریٹ اسلام آباد تک منصوبے کے کوریڈور پر شہریوں کی سہولت کے لیئے سٹیٹ آف دی آرٹ کل چوبیس بس سٹیشن بنائے گئے ہیں جن میں ای ٹکٹنگ , ایسکلیٹرز اور سپیشل افراد اور مریضوں کے لیئے ایلیویٹرز کی جدید سہولتیں مہیا کی گئی ہیں- انہو ں نے کہا کہ میٹرو بس سروس کے لیئے کل 68 ائر کنڈیشنڈ بسیں چلائی جا رہی ہیں․ جاری ہینڈ آؤٹ نمبر 936 جو پچاس منٹ میں راولپنڈی صدر سے پاک سیکرٹریٹ اسلام آباد تک 23کلو میٹر کا فاصلہ تقریبا پچاس منٹ میں طے کریں گی اور اس طرح راولپنڈی اسلام آباد کے مکینوں کو جو ملک کے تمام صوبوں اور علاقوں سے یہاں آ کر آباد ہوئے ہیں کو بین الاقوامی معیار کی سفری سہولت میسر آئے گی اور مسافر تیز رفتاری سے بروقت اپنی منزلوں پر پہنچ سکیں گے - ایک سوال کے جواب میں وزیر اعلی نے کہا کہ میٹرو بس پراجیکٹ کے ذریعے کوفاقی دارالحکومت کے جڑواں شہروں کے مکینوں کو آرام دہ، معیاری اور باکفایت سفری سہولتیں میسر آئیں گی اور سبسڈی عوام کی سہولت کیلئے دی گئی ہے جبکہ ٹرانسپورٹ کے منصوبے کبھی بھی اپنی کاسٹ پوری نہیں کرتے اور انگلینڈ اور روس جیسے ترقی یافتہ ممالک کے بڑے شہروں میں میٹرو بس سروسز کے ذریعے سبسڈائزڈ ریٹس پر سفری سہولتیں فراہم کی جاتی ہیں ۔

وزیر اعلی نے کہاکہ پاک چین اکنامک کوریڈور انقلابی قدم ہے اور چین کی طرف سے پاکستان کے وزیراعظم اور عوام پر گہرے اعتماد کا عکاس ہے ۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف نے چین کے ساتھ اقتصادی تعاون اور اکنامک کوریڈور کی منزل تک پہنچنے کیلئے گزشتہ دو سال کے دوران شب و روز محنت کی ۔ انہوں نے کہاکہ وفاقی اور صوبائی حکومت کی محنت کے نتیجے میں بہاولپور میں قائد اعظم سولر پارک تعمیر کیا گیاہے اور پنجاب حکومت کی طرف سے لگائے گئے سو میگا واٹ سولر بجلی کے منصوبے کا افتتاح ہو چکا ہے اور یہ منصوبہ بجلی پیدا کر رہاہے جبکہ 350 میگا واٹ کا منصوبہ رواں برس مکمل ہوگا- محمد شہباز شریف نے کہاکہ پنجاب حکومت صوبے میں بارہ سو میگا واپ کا گیس سے بجلی پیدا کرنے کا منصوبہ لگا رہی ہے جبکہ وفاقی حکومت بھی اس ضمن میں دو پراجیکٹس لگانے کیلئے کام کررہی ہے ۔

انہوں نے کہاکہ 2018 ء سے قبل پایہ تکمیل تک پہنچنے والے منصوبوں پر تیزی سے کام ہو رہا ہے اور جس تیز رفتاری سے بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کیلئے کام ہو رہاہے اس کی مثال کسی بھی سابق دور میں نہیں ملتی۔ وزیراعلی نے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ وزیراعظم کے ہمراہ بیرون ملک دوروں پر میں صرف نہیں جاتابلکہ دیگر صوبوں کے وزرائے اعلی کو بھی بیرون ملک دوروں کیلئے دعوت دی جاتی ہے جو اپنی مصروفیات کی وجہ سے اپنے وزراء اور سینئر حکام کو دوروں پر بھجوا دیتے ہیں اور پاکستان مسلم لیگ ( ن ) کی قیادت پورے پاکستان کی بہتری اور ترقی کیلئے سوچ رکھتے ہوئے کام کررہی ہے ۔

ایک سوال کے جواب میں وزیراعلی نے کہاکہ گرانی ، جعلی ادویات ، اور غیر معیاری گوشت اور اشیائے خوردنی کی فروخت کے خلاف بھی پنجاب حکومت نے اقدامات اٹھائے ہیں اور یہ ان کی کوششوں کا نتیجہ ہے کہ دنیا میں جب پام آئل کی قیمت کم ہوئی تو انہوں نے گھی کی قیمتیں کم کر وائی جس کا پورے ملک کو فائدہ ہوا ۔ ایک اور سوال کے جواب میں وزیراعلی نے کہاکہ میٹرو بس پراجیکٹ کا جلد ہی اسی ہفتے افتتاح ہوگا اور اس کی مینٹیننس(Maintenance ) کے تمام کاموں کو آؤٹ سورس کیاگیا ہے تاکہ پراجیکٹ تسلسل کے ساتھ شہریوں کو سہولت فراہم کرتا رہے ۔

انہوں نے کہا کہ میٹرو بس منصوبہ ترقی اور خوشحالی کے سفر کی جانب ایک قدم مزید آگے ثابت ہو گا۔ قبل ازیں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات کے ہمراہ سینئر اینکرپرسنز ، صحافیوں اورکالم نگاروں نے اسلام آباد سے راولپنڈی اور راولپنڈی سے اسلام آباد تک میٹروبس کے ذریعے سفر کیا-