اہلسنت والجماعت کے رہنما اورنگزیب فاروقی کی گرفتاری کے حوالے سے متضاد رپورٹس،نہ تو ہم نے گرفتار کیا اور نہ ہی کسی کے حوالے کیا‘ سی پی او

اتوار 7 جون 2015 08:41

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔6 جون۔2015ء) اہلسنت والجماعت کے رہنما اورنگزیب فاروقی کی گرفتاری ابھی تک معمہ بنی ہوئی ہے۔ میڈیا رپورٹس میں محکمہ انسداد دہشت گردی اور راولپنڈی سٹی پولیس آفیسر کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ انہوں نے اورنگزیب فاروقی کو گرفتار نہیں کیا ہے۔ سی پی او اسرار عباسی کا کہنا ہے کہ اورنگزیب فاروقی ہماری تحویل میں نہیں ہے نہ تو ہم نے انہیں گرفتار کیا ہے اور نہ ہی انہیں کسی کے حوالے کیا ہے۔

(جاری ہے)

محکمہ انسداد دہشت گردی کے ایک عہدیدار کا کہنا ہے کہ نہ تو فاروقی کو گرفتار کیا گیا اور نہ ہی ان کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی۔ ان تضادات کے برعکس راولپنڈی پولیس کے ترجمان نے فاروقی کی گرفتاری کی تصدیق کی ہے اور کہا گیا ہے کہ بعد ازاں انہیں محکمہ انسداد دہشت گردی کے حوالے کیا گیا۔ ایک سینئر پولیس عہدیدار نے اپنا نام صیغہ راز میں رکھنے کی شرط پر بتایا کہ فاروقی کو جڑواں شہروں میں حساس صورتحال کے باعث گرفتار کیا گیا اور ان کے خلاف الزامات کو بعد میں بتایا جائے گا۔