حماس کو دہشت گرد قرار دینے کا مصری عدالتی فیصلہ منسوخ

اتوار 7 جون 2015 09:24

قاہرہ(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔6 جون۔2015ء)مصر کی ایک عدالت نے فلسطینی تحریک حماس کے بارے میں ایک اور ملکی عدالت کا وہ فیصلہ منسوخ کر دیا ہے، جس میں حماس کو دہشت گرد قرار دیتے ہوئے اس کا نام بلیک لسٹ تنظیموں کی فہرست میں شامل کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق ماضی میں حماس کے بارے میں ایک مصری ٹریبیونل کے فیصلے کو ہفتہ چھ جون کے روز اس لیے منسوخ کر دیا گیا کہ متعلقہ عدالت کو یہ اختیار ہی نہیں تھا کہ وہ اس قسم کے فیصلے سنا سکے۔

حماس کے خلاف گزشتہ فیصلہ اس سال فروری میں ایک مصری وکیل کی درخواست پر سنایا گیا تھا۔ تب اس وکیل نے موقف اختیار کیا تھا کہ یہ عسکریت پسند فلسطینی تنظیم بہت سی زیر زمین سرنگوں کے ذریعے مصر میں ہتھیاروں کی اسمگلنگ میں ملوث تھی اور عدالت نے اپنے فیصلے میں حماس کو دہشت گرد قرار دے کر اس کا نام ممنوعہ تنظیموں کی فہرست میں شامل کیے جانے کا حکم سنا دیا تھا۔

(جاری ہے)

چند ماہ پہلے کے اس عدالتی فیصلے کا مصری حکام اور حماس کے مابین تعلقات پر انتہائی برا اثر پڑا تھا۔ مارچ میں قاہرہ حکومت نے ایک اعلٰی عدالت میں یہ اپیل دائر کر دی تھی کہ حماس کے خلاف فیصلہ منسوخ کیا جائے۔ اب اس عدالت نے اپنا فیصلہ قاہرہ حکومت کے حق میں سناتے ہوئے حماس کو دہشت گرد قرار دینے کا گزشتہ فیصلہ منسوخ کر دیا ہے۔

متعلقہ عنوان :