حافظ آباد، چوری کے مقدمہ میں ملوث اشتہاری ملزم لاہور سے گرفتار،خاوند کی محبت میں اُس کی بیوی اپنے 8ماہ کے بچے کو بھی تھانے لے آئی ، حالت خراب ہونے پر پر اسرار طور پر دم توڑ گیا

اتوار 7 جون 2015 09:13

حافظ آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔6 جون۔2015ء)پنڈی بھٹیاں صدر پولیس نے چوری کے مقدمہ میں ملوث اشتہاری ملزم کو لاہور سے گرفتار کر لیا۔خاوند کی محبت میں اُس کی بیوی اپنے 8ماہ کے بچے کو بھی تھانے لے آئی ،تھانہ میں بچہ حالت خراب ہونے پر پر اسرار طور پر دم توڑ گیا۔پوسٹ مارٹم کیلئے بچے کی نعش ہسپتال منتقل کر دی گئی۔تفصیلات کے مطابق پنڈی بھٹیاں کے نواحی گاؤں شاہ محمد کے رہائشی عارف حسین نے تین سال قبل فرحی بی بی سے پسند کی شادی کی اور دونوں لاہور جا کر رہائش پذیر ہو گئے ۔

عارف حسین پر زیورات وغیرہ چوری کرنے کا مقدمہ درج تھا اور وہ دو سال سے اشتہاری چلا آرہا تھا ۔پنڈی بھٹیاں صدر پولیس نے ملزم عارف کو لاہور سے گرفتار کیا تو اُس کی بیوی اپنے8ماہ کے بچے کے ہمراہ تھانہ پنڈی بھٹیاں آگئی۔

(جاری ہے)

تھانے میں کئی گھنٹے گزرنے کے بعد عزیر کی طبیعت اچانک خراب ہو گئی جسے تحصیل ہسپتال پنڈی بھٹیاں لایا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکا اور جاں بحق ہو گیاجبکہ پوسٹ مارٹم کیلئے بچے کی نعش ہسپتال منتقل کر دی گئی۔

متوفی عزیز کے والد کا کہنا ہے کہ اُنہیں شک ہے کہ اُن کے بیٹے کو کسی نے کوئی زہریلی چیز کھلائی ہے جس سے اُس کی موت واقع ہوئی ہے ۔پولیس کا کہنا ہے کہ بچے کی پر اسرار موت کی وجہ جاننے کیلئے اس کا پوسٹ مارٹم کروایا جا رہا ہے تاکہ موت کے اصل حقائق معلوم ہو سکیں۔ملزم عارف نے الزام عائد کیا ہے کہ اسکے بیٹے کو اسکے سسرالیوں نے زہر دیکر مارا ہے۔پنڈی بھٹیاں پولیس نے عارف کی درخواست پر متوفی عزیر کے ماموں اور ممانی کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے

متعلقہ عنوان :