وزیراعظم کی اپنا گھر اسکیم کے تحت ایک ہزار گھروں کی تعمیر کیلئے فنڈ مختص ،دو کمروں پر مشتمل 415 مربع فٹ کے گھر تعمیر کرکے دس لاکھ کی آسان اقساط میں دیئے جائیں گے

اتوار 7 جون 2015 08:42

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔6 جون۔2015ء) کم آمدن والے خاندانوں کیلئے وزیراعظم کی اپنا گھر اسکیم کے تحت ایک ہزار گھروں کی تعمیر کیلئے فنڈ مختص کردیئے گئے ہیں ۔ دو کمروں پر مشتمل 415 مربع فٹ کے گھر ملک کے چاروں صوبوں کے 9شہروں میں تعمیر کرکے دس لاکھ روپے کی آسان اقساط میں دیئے جائیں گے ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے جاری ہونے والے وفاقی بجٹ میں ہاؤسنگ کے شعبے کیلئے خصوصی طورپر دس ارب روپے کی رقم رکھی گئی ہے جس کے تحت وزیراعظم کی اسکیم اپنا گھر اسکیم کے تحت ایک ہزار گھر تعمیر کئے جائیں گے اور پورے ملک کے نو شہروں میں ان کی تعداد ایک ہزار ہوگئی اور یہ گھر کم آمدن والے گھرانوں کو قرعہ اندازی کے ذریعے دیئے جائیں گے دو کمروں اور 415 مربع فٹ پر مشتمل اس گھر کی قیمت دس لاکھ روپے رکھی گئی ہے جو کہ رعایتی قیمت ہوگی جبکہ اضافی قیمت حکومت ادا کرے گی جبکہ دس لاکھ کی رقم بھی آسان اقساط میں وصول کی جائے گی وفاقی بجٹ کے سالانہ ترقیاتی منصوبے برائے سال 2015-16ء کے مطابق یہ مکانات لاہور ، جہلم ، چار سدہ ، بنوں ، لکی مروت ، ڈیرہ اسماعیل خان ، گلگت ، سکردو ، گوادر اور کوئٹہ میں وفاقی وزارت ہاؤسنگ و تعمیرات کی زیر نگرانی تعمیر کئے جائیں گے ۔

متعلقہ عنوان :