تہران حکومت نے تعاون کیا، تو جوہری پروگرام پررپورٹ رواں برس کے آخر تک تیار ہو جائے گی،آئی اے ای اے

اتوار 5 جولائی 2015 10:27

تہران(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔5 جولائی۔2015ء)اقوام متحدہ کے جوہری توانائی کے ادارے آئی اے ای اے کا کہنا ہے کہ اگر تہران حکومت نے تعاون کیا، تو ایران کے جوہری پروگرام کے پرامن ہونے یا نہ ہونے سے متعلق رپورٹ رواں برس کے اختتام تک تیار ہو جائے گی۔

(جاری ہے)

ہفتے کے روز بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کے سربراہ یوکیا امانو نے صحافیوں سے بات چیت میں کہا کہ ایران کے تعاون سے عالمی ادارہ رواں برس کے اختتام تک ایران کے جوہری پروگرام کے عسکری پہلووٴں سے متعلق تحقیقاتی رپورٹ تیار کر سکتا ہے۔

اس رپورٹ سے یہ واضح ہو سکے گا کہ آیا ماضی ایرانی جوہری پروگرام میں ایٹمی ہتھیاروں کی تیاری کی نیت شامل تھی۔ خیال رہے کہ مغربی طاقتوں کو خدشات ہیں کہ ایران جوہری ہتھیاروں کی تیاری کے لیے کوشاں ہے، جب کہ ایران اپنے جوہری پروگرام کو پرامن قرار دیتا ہے۔