لاہور پولیس کا رواں ہفتے میں تیسرا ”کارنامہ “ 8 سالہ بچے پر 20 لاکھ روپے چوری کا مقدمہ درج کر دیا

اتوار 5 جولائی 2015 10:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔5 جولائی۔2015ء) لاہور پولیس کا رواں ہفتے میں تیسرا ”کارنامہ “ 8 سالہ بچے پر 20 لاکھ روپے چوری کا مقدمہ درج کر دیا ۔ بچے کو دو بہنوں اور نانی سمیت پانچ روز تک حبس بیجا میں رکھا۔ عدالتی بیلف کے چھاپے کے بعد گرفتاری ڈال دی۔لاہور کی سیشن عدالت نے بچے ، اسکی بہنوں اور نانی کو ضمانت پر رہا کر دیا۔ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی عدالت میں 8 سالہ اویس اسکی دو بہنوں ثناء، نگینہ اور اسکی نانی بشریٰ کو تھانہ ستو کتلہ میں حبس بیجا میں رکھنے کیخلاف درخواست دائر کی گئی۔

عدالت نے بیلف مقرر کیا ۔ بیلف کے چھاپے کے دوران پولیس نے مذکورہ افراد کی 20 لاکھ روپے کی چوری کے مقدمے میں گرفتاری ڈال دی۔ بیلف نے تمام افراد کو عدالت میں پیش کر دیا عدالت میں دائر حبس بیجا کی درخواست کو ضمانت کی درخواست میں تبدیل کر کے بچے سمیت تمام افراد کو رہا کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

بیلف نے تھانہ ستوکتلہ میں چھاپہ مارا تو تین خواتین سمیت پانچ افرادوہاں پر غیرقانونی حراست میں موجود تھے۔

عدالتی حکم پر بیلف نے محبوس افراد کو بازیاب کراکے عدالت میں پیش کیا۔عدالت کے روبروایس ایچ او پانچ افراد کی غیر قانونی حراست سے متعلق کوئی بھی جواب دینے میں ناکام رہا۔ایس ایچ اوکا کہناتھا کہ یہ افراد چوری کی مختلف کاروائیوں میں ملوث رہے ہیں جسکی بناء پر انہیں پولیس نے حراست میں لیا۔بازیاب کرائے گئے افراد نے عدالت کو بتایا کہ پولیس نے پانچ یوم سے انہیں غیر قانونی حراست میں رکھا اور انہیں تشدد کا نشانہ بھی بنایا گیا۔فاضل جج شاہدہ سعید نے بازیاب کرائے گئے تمام افرادکو فوری طور پر رہا کرتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے آٹھ جولائی کو تفصیلی جواب طلب کر لیا۔

متعلقہ عنوان :