سحر و افطار میں کہیں بھی لوڈشیڈنگ نہیں کر رہے ‘ پورے ملک میں بجلی کے نظام میں بہتری لا رہے ہیں‘ عابد شیر علی

اتوار 5 جولائی 2015 09:58

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔5 جولائی۔2015ء) وفاقی وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ سحر و افطار میں کہیں بھی لوڈشیڈنگ نہیں کر رہے ۔ پورے ملک میں بجلی کے نظام میں بہتری لا رہے ہیں۔واپڈا ہاوٴس لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر مملکت پانی وبجلی نے کہا کہ رمضان المبارک میں سترہ سے اٹھارہ سو میگاواٹ بجلی کی طلب میں اضافہ ہوا۔

ماضی میں سسٹم اپ گریڈ نہ ہونے کے باعث مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ چارسدہ، صوابی، سوات اور دیگراضلاع میں ٹرانسمیشن نظام کے نقائص کو دور کر رہے ہیں۔ دوہزار سولہ کے آخر تک بجلی کے سسٹم میں موجود نقائص دور کرلیں گے سسٹم اتنا مضبوط ہو جائیگا کہ وولٹیج میں کمی کی شکایت دور ہوجائیگی اور سسٹم میں 20سے 21ہزار میگا واٹ بجلی سسٹم میں آ جائے گی ۔

(جاری ہے)

عابد شیر علی کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے چکدرہ گرڈاسٹیشن کی زمین کامسئلہ حل کرادیا ہے۔ ریکوری کی بہتری کیلئے بھی اقدامات کیے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ 2017تک ملک سے لوڈ شیڈ نگ ختم کر دیں گے ۔آئندہ دو سالوں میں لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کر دیں گے ۔ حکومت نے ملک میں بجلی کی پیداوار کو ساڑھے تیرہ ہزا ر سے بڑھا کر سولہ ہزار میگاواٹ تک کر دیا ہے ۔

وزیر مملکت عابد شیر علی کے پی کے حکومت سے بھی خوش نہیں اور سندھ حکومت پر بھی برس پڑے۔ کہتے ہیں کہ کے پی کے میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کی ذمہ دار صوبائی حکومت ہے۔ کراچی میں ہلاکتوں کی ذمہ دارسندھ حکومت کو قرار دیدیا ۔ وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت ٹرانسمیشن لائن اور گرڈ اسٹششز کو ٹھیک کرنے اورا نکی استطاعت بڑھانے کے لئے کوشاں ہے 2016 تک سسٹم اکیس ہزار میگاواٹ بجلی کے قابل ہو جائے گا۔

انہوں نے کے پی کے میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کی ذمہ دار صوبائی حکومت قراردیدیا۔ کہتے ہیں کہ چون کروڑ روپے صوبائی حکومت کے اکاونٹ میں دو سال پڑے رہے مگر چکدرہ گرڈ اسٹیشن کے لئے جگہ نہیں دی گئی۔ عابد شیر علی کا کہنا تھا کہ 2017 تک لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کر دیا جائے گا جبکہ لوڈشیڈنگ میں بھی گزشتہ دو سال میں مرحلہ وار نمایاں کمی کی گئی ہے۔ سحر اور افطار کے اوقات میں بھی لوڈشیڈنگ نہیں کی جا رہی۔ وزیر مملکت نے کراچی میں ہونے والی ہلاکتوں کا ذمہ دار سندھ حکومت کو قرار دیدیا۔ عابد شیر علی کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک کو معاہدے کے مطابق بجلی کی پیداوار بڑھانے میں غفلت پر نیپرا نے لیگل نوٹس بھجوا دیا ہے۔